• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہرے ناکام ہوگئے ، مخالفین بلاول کی مقبولیت سے خائف ہیں،پیپلز پارٹی

مہرے ناکام ہوگئے ، مخالفین بلاول کی مقبولیت سے خائف ہیں،پیپلز پارٹی

لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مہرے ناکام ہوئے تو آقا حرکت میں آگئے، مخالفین بلاول کی مقبولیت سے خائف ہیں ، پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی بنائی گئی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس رپورٹ پر تحفظات ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما ء سعید غنی نے کہا ہے کہ ہر انتخابات میں آصف زرداری کے خلاف کردار کشی مہم چلائی جاتی ہے، بلاول بھٹو کی مقبولیت دیکھ کر ختم کیے گئے مقدمے یاد آگئے ،بلاول بھٹو کی مقبولیت سے استحصالی ٹولہ پریشان ہے ،شہید بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس یاد کیوں نہیں آتا؟، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آصف زرداری پرمقدمات دبائو ڈالنے کا پرانا حربہ ہے،آصف زرداری پہلے دبائو میں آئے نہ اب آئیں گے،بلاول بھٹو کے سندھ اور سرائیکی پٹی کے کامیاب دوروں سے مخالفین کو بوکھلاہٹ کا شکار ہیں جو کہتے تھے پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے اگر پیپلز پارٹی ختم ہو گئی تو پھر روکتے کیوں ہو، بلاول بھٹو کے تاریخی استقبال نے ان کو جواب دیدیا ہے ۔ بلاول ہائوس لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ملک کا سب سے اہم ایشو عام انتخابات ہیں جن سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے ،پیپلز پارٹی میدان میں ہے اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑے گی ، عقل کے اندھوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ پیپلز پارٹی کو ایسے نہیں دبایا جا سکتا، آصف زرداری جمہوریت دشمنوں کے دبائو میں کبھی نہیں آئے،جمہوریت دشمن قوتیں خود مانتی ہیں کہ آصف زرداری ان کی موت ہے،آصف زرداری محسن جمہوریت ہیں وہ پہلے بھی سرخرو ہوئے اب بھی سرخرو ہوں گے۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی بنائی گئی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس رپورٹ پر تحفظات ہیں۔ اس حوالے سے بلاول ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ میڈیا میں 35ارب کی رقم کا تاثر دیا جا رہا ہے جس پر پیپلز پارٹی کا نمائندہ، ورکر اور لیڈر سب حیران ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بشیر میمن کی بنائی گئی رپورٹ پر جے آئی ٹی کے سربراہ نجف مرزا ہیں، آصف زرداری نجف مرزا کی قید میں رہے، آصف زرداری کی جب زبان کاٹی گئی تو نجف مرزا ہی افسر تھے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بشیر میمن کے بھائی مٹیاری سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار ہیں، ڈی جی ایف آئی اے ایک متنازعہ آدمی ہیں۔ نواز شریف کا نام ان کے ملک سے باہر جانے اور سزا ہونے کے بعد ای سی ایل میں ڈالا گیا، اگر سابق وزیراعظم کو یہ رعایت دی گئی ہے تو آصف زرداری بھی سابق صدر ہیں، بشیر میمن جیسے مصنّفین کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ ایف آئی اے نے بلاول ہائوس کے باہر جو نوٹس چسپاں کیا اس میں مدعا ڈیڑھ کروڑ روپے کا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ یہ جو کچھ پیپلزپارٹی کے ساتھ کیا جا رہا ہے کہ قبل از وقت دھاندلی ہےپورے ملک میں ہمارے کئی امیدواروں کو وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے افسران دباؤ ڈال رہےہیں ۔ کالعدم تنظیمیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں، ان جماعتوں کو انتخاب میں اتارنا کسی خاص جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے، پارلیمان کو کمزور کرنے کے لیے ایسے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا وقت بہت اہم ہے ایسے کام کا مقصد ورکرز کو لیڈر شپ سے متنفر کرنا ہے، تحریک لبیک، ملی مسلم لیگ سامنے آگئی ہیں، یہ جماعتیں کہاں سے آئیں،کالعدم تنظیمیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جس پر الیکشن کمیشن بے بس ہے، ایسی جماعتیں بنانے کا مقصد پارلیمینٹ کو کمزور کرنا ہے، اظہار رائے کی آزادی پر قدغنیں لگائی جا رہی ہیں، ہماری گزارش ہے کہ عام انتخابات 2018ء کو متنازعہ نہ بنائیں، پارلیمینٹ کمزور ہوگی تو ڈرائیونگ سیٹ پر کوئی اور ہوگا، اگر انتخابات متنازع ہوگئے تو اختیارات کی منتقلی شفاف نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت دھاندلی کے ذریعے 2018ء کی نئی آئی جے آئی بنائی جا رہی ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہمارے پاس شکایات خلائی مخلوق کی نہیں، زمینی مخلوق کی ہیں، الیکشن کمیشن کو اپنی شکایات سے آگاہ کرتے رہے ہیں،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مقابلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، ہم الیکشن میں ہیں، بلاول کے پنجاب میں قدم رکھتے ہی لوگوں کی نیندیں اڑ گئیں۔

تازہ ترین