دنیا کی باوقار اقوام اپنے بچوں اور طالب علموں کو سائنسی علوم کی تفہیم کے لیے میوزیمز کی تعمیر کو اولیت دیتی ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اس کا ڈیزائن بھی ایسا بناتی ہیں جسے دیکھ کر لگے کہ واقعی یہ تعمیرات کا حیرت انگیز شاہکار ہے۔ اس کی بین مثال ریاستہائے متحدہ امریکا کی ریاست جنوبی فلوریڈا کے ٹاؤن میامی کے ساحل بیسکن بے سے متصل فراسٹ سائنس میوزیم(فلپ اینڈ پیٹریشیا فراسٹ میوزیم آف سائنس) ہے، جہاں ایکویریمز کے ذریعے سمندری حیات اور پلینٹیریم سے کائناتی مظاہر کی سیر کا ایسا خوبصورت منظر پیش کیا گیا ہے کہ دیکھنے والوں کو گمان تک نہیں ہوتا کہ وہ مصنوعی اہتمام سے کرہ ارض کا کائناتی دیدار کررہے ہیں۔ اس میں سب سے خاص بات اس میوزیم کا تعمیراتی ڈیزائن ہے، جسے اکیسویں صدی کے تعمیراتی ڈیزائن کا خوبصورت سنگم کہا جاتا ہے۔
عمارت کی تعمیر کی پسِ پردہ کہانی
فراسٹ سائنس میوزیم کی جگہ کی موزونیت جانچنے کے لیے سب سے پہلے میوزیم ٹیم نے اس جگہ پر ایک انٹرایکٹو نمائش کا اہتمام کیا،تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ لوگ سائنس میوزیم میں کیا کچھ دیکھنا چاہتے ہیں۔عوام سے گفت وشنید کے بعد پتہ چلا کہ لوگوں کی ترجیح جنوبی فلوریڈا کے منفرد ایکو سسٹمز میں بیرونی جگہ کو کھلا چھوڑنے کی رہی، تاکہ سورج کی شعاعوں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ پلینٹیریم اور نمائشوں کے اہتمام کے لیے بیرونی جگہ کو انسانی صحت کے لیے سود مند قرار دیا گیا۔ ان تمام امور کے بارے میں تعمیراتی فرمز سے تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سمندری حیات کے نظارے ایکوریم اور عمارت کا نچلا حصہ سائنسی دریافتوں کے لیے مختص ہو۔دنیا بھر میں اس ضمن میں تحقیق کے بعدسلیکشن کمیٹی نے منفرد ڈیزائن تخلیق کرنے کے لیےگرم شا آرکیٹیکٹس کا انتخاب کیا، جو تعمیرات میں مقامی حالات کی حساسیت اور مستحکم تعمیر کے حوالے سے اچھی ساکھ رکھتی تھی۔
ڈیزائن کا نقطۂ نظر
فراسٹ سائنس میوزیم پارک کا حصہ ہے، جوبسکن بے کی سمندری حیات سے منسلک ہے۔ یہ سمندر کی فطری اور انسان کی بنائی دنیا کا حسین امتزاج ہے۔ گرم شا نے میوزیم پارک کے رُخ پرکھلی بانہوں سے، چار عمارات کا دلکش ڈھانچہ تخلیق کیا، جہاں بسکن بے کی ٹھنڈی ہوائیں ماحول کو فطرت سے ہم آہنگ کرکےاندرونی و بیرونی مطابقت پذیری اور رسائی کا احساس دلاتی ہیںجبکہ ماحول کو معتدل بنانے کے لیے LEED سرٹیفیکشن پروسس مدد فراہم کرتا ہے۔ میوزیم کا ایک اہم مقصد سیکھنے کے لئے ماحول فراہم کرنا ہے۔ گرمشا نے سائٹ کو کئی طریقوں سے کشادگی کے فرحت انگیز احساس سے لبریز کیا ہے۔ سب سے پہلے ساخت چار عمارتوں میں تقسیم ہوتی ہے، جو ایک دوسرے سے ایک پہیلی کی مانندمنسلک ہیںاور لوگوں کو بھول بھلیوں کے ان راستوں پر چلنے کی دعوت دیتی ہیں۔گرمشا کا کہنا ہے کہ ڈیزائن"متنوع بلڈنگ پروگرام" کا اظہار کرتا ہے، جسے مختلف عمارتوں کے ساتھ ملا کر تعمیر کیا گیا ہے۔ عمارتوں کو ایک دوسرے سے جدا کرنے والا اوپن ایئر ایٹریم لوگوں کو فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کااحساس دیتا ہے۔ اس لیے اس ڈیزائن کو ماحول دوست عمارت کا درجہ بھی حاصل ہے۔
شکل اور رنگ
عمارتوں کی مختلف شکلوںکے برعکس اس عمارت میں متنوع دنیاؤں اور خیالات کا احساس تخلیق کیاگیا ہے، جس میں قربت اور رنگ کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ وابستگی کا احساس عیاں ہے۔ شمالی اور مغربی سمت کھلی بانہوں کے طرز پر بنائی گئی اس عمارت میں ماحول اور فطرت کو خوش آمدید کہنے کا خوبصورت اظہار، آنے والوں کے لیے اجنبیت کا سماں پیدا نہیں کرتا۔ گریشانے پنکھ کی لمبائی کواندر اور باہر سے پکسل جیومیٹری کی ساخت پر بنایا ہے۔ دن بھر روشنی کا کھیل جاری رہتا ہے، سورج کی کرنیں فیکیڈ تک جاکر ایک سماں باندھتی ہیں۔ پنکھوں کے پیالے میں ایکویریم ہے، جسے اوپر سے دیکھا جائے تویہ نامیاتی ڈرپ کی شکل کانظر آتاہے۔ عمارت کے بیرونی منظر میں بنی لکیریں سمندر پر تیرنے کا سماں پیدا کرتی ہیں۔ فراسٹ پلینٹیریم آئی کونک دائرے کی صورت لیے ہوئے ہے، جہاں بیرونی خلا کی سیر کرتے ہوئے آپ اردگرد کے سحر انگیز ماحول سے بھی حظ اٹھا سکتے ہیں۔ نرم و دبیز سفید رنگ، کیمپس کی یکسانیت کو برقرار رکھتے ہوئے دلفریب منظر پیش کرتا ہے،جبکہ نیلے رنگ کے مختلف شیڈز مختلف عمارتوں کو بامعنی بناتے ہیں۔ فراسٹ پلینٹیریم کے لیے تیز نیلا رنگ اورپنکھ نما ایٹریم پر ہلکا نیلا رنگ سمندر کے رنگ سے مماثل ہوکر اسے ماحول سے ہم آہنگ کرتا ہے۔
سائنسی تحقیق اور وسعت کے احساس کو بڑھانے کے لئے، گرمشا نے عمودی تجربے کو جنم دیا ہے،جہاں آنے والے سب سے پہلے کھلی سطح پر شاندار آبی ماحولیاتی نظام کا نظارہ کرتے ہیں، پھر پانی کی لائن کے نیچے ایک زیادہ گہرے اور متنوع خلا میں آتے ہیں۔ سب سے زیادہ اہم خصوصیت 5لاکھ گیلن کون کی شکل کا گلف اسٹریم ایکوریم ہے، جو تین فلورز پر مشتمل ہے ۔ کھلاسمندر مچھلیوں کو تیرنے کے لیےکشادہ جگہ فراہم کرتا ہے۔ اکیسویں صدی کی یہ آئیکون بلڈنگ سائنسی مظاہر کو کھلی آنکھوں سے دیکھنے کی منفرد مثال ہے۔