• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: اسکول وین میں آگ لگ گئی، متعدد بچے جھلس گئے

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول کی وین میں آگ لگ گئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ وین میں لگنے والی آگ سے اس میں بیٹھے متعدد بچے جھلس گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اسکول وین میں 14 بچے موجود تھے، جن میں سے 6 کو سول اسپتال کے برنس وارڈ جبکہ کچھ بچوں کو قطر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے وین میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سلنڈر کا دھماکا نہیں تھا کیوں کہ وین میں سلنڈر ٹھیک حالت میں موجود ہے، اندازہ ہے کہ گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

ایک عینی شاہد نے اورنگی ٹاؤن میں اسکول وین میں آگ لگنے کے واقعے کے متعلق بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اسکول وین میں 14 بچے اور بچیاں سوار تھیں، آخری بچے کو قطر اسپتال کے قریب سے وین میں بٹھایا گیا، تمام بچے ناظم آباد کے نجی اسکول میں پڑھتے ہیں۔

عینی شاہد کا مزید کہنا ہے کہ آگ لگنے سے قبل گاڑی اچانک ریت میں پھنس کر رک گئی، جس پر ڈرائیور اور کچھ بچوں نے نیچے اتر کر گاڑی کو دھکا لگایا، اس دوران ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ سے شعلے نکلنے سے آگ لگ گئی۔

عینی شاہد نے یہ بھی بتایا کہ اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو وین سے باہر نکالا گیا جبکہ وین کا ڈرائیور محمد رشید بھی بچوں کو لے کر اسپتال گیا۔

سول اسپتال کے برنس وارڈ کے انچارج ڈاکٹر احمر کے مطابق اسکول وین میں آگ لگنے سے زخمی ہونے والے 6 بچے سول اسپتال کے برنس وارڈ لائے گئے، جن میں سے 4 بچوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چاروں بچوں کو فوری طبی امداد کے بعد ان کے گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ 2 بچے زیادہ زخمی ہیں جنہیں برنس وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے، البتہ ان دونوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

تازہ ترین