ایک امریکی جج اور ایک سعودی طالبہ کے درمیان گفتگو کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
یہ وڈیو ایک عدالتی کارروائی کی ہے جس میں ایک سعودی طالبہ جج کے سامنے پیش ہوئی، طالبہ پر الزام تھا کہ اس نے پارکنگ قوانین کی 6 مرتبہ خلاف ورزی کی اور جرمانہ بھی ادا نہیں کیا۔
طالبہ نے جج کو بتایا کہ اسے کہیں اور پارکنگ کی جگہ نہیں ملی تو جج نے اس کا جرمانہ ساڑھے تین سو ڈالر سے کم کر کے 75 ڈالر کر دیا۔
جج نے طالبہ سے پوچھا کہ کیا اسے شہر میں رہنا پسند ہے، اس پر سعودی طالبہ نے کہا کہ مقامی باشندے اس کی کار کو کئی بار نشانہ بنا چکے ہیں جس پر جج نے طالبہ کی تحسین کی کہ وہ ایک مختلف ملک میں پڑھنے آئی ہے اور اس کا پورا جرمانہ معاف کر دیا۔
واضح رہے کہ ریاست رھوڈ آئی لینڈ کے جج فرینک کیپریو کے متعدد فیصلوں کی وڈیو انٹرنیٹ پر موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ انٹرنیٹ پر بہت مقبول ہیں۔ ان کی مختلف وڈیوز کو دنیا بھر میں ایک ارب ستر کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔