اسمگل شدہ گاڑیوں کی ریگولرائزیشن میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اسکینڈل میں ملوث 13 ملزمان گرفتار کر لیے گئے جبکہ اس سلسلے میں 7ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا ہے کہ 28 اگست 2025ء کو ایف آئی اے نے ان افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی، اسکینڈل میں ملوث پائے گئے افراد کو آج ایف آئی اے نے باقاعدہ گرفتار کر لیا۔
اگست 2021ء میں گاڑیوں کا غلط استعمال روکنے کے لیے ’آکشن ماڈیول‘ متعارف کرایا گیا تھا، جولائی 2025ء میں آکشن ماڈیول کے غلط استعمال کی رپورٹس سامنے آئیں، ماڈیول کے آغاز سے اب تک 1 ہزار 909 گاڑیوں کی تفصیلات سسٹم میں اپ لوڈ کی گئی تھیں، جانچ پڑتال کے بعد معلوم ہوا کہ 103 گاڑیاں جعلی یوزر آئی ڈیز کے ذریعے اپ لوڈ کی گئی ہیں۔
43 اسمگل شدہ گاڑیوں کو پہلے ہی رجسٹر ہو کر قانونی حیثیت حاصل ہو چکی تھی، ا نکوائری پر 9 جولائی 2025ء کو ایک ڈپٹی کلکٹر اور ایک اسسٹنٹ کلکٹر کو معطل کیا گیا، بڑے مجرمانہ نیٹ ورک میں موٹر رجسٹریشن اتھاریٹز کے افسران اور کار ڈیلرز شامل تھے۔
ایف بی آر نے بتایا ہے کہ 9 جولائی 2025ء کو جے آئی ٹی بنانے کی باضابطہ درخواست کی گئی، یہ جے آئی ٹی ایف آئی اے، کسٹمز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران پر مشتمل تھی، جے آئی ٹی کو کسٹمز کے ڈیجیٹل سسٹم میں کی گئی ہیرا پھیری کی تحقیقات کی ذمے داری دی گئی تھی۔