ایک صحت مند زندگی گزارنے کے لیے اچھی نیند بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنا کہ خوراک اور ورزش۔ طبی ماہرین عام طور پر ایک صحت مند نوجوان کے لیے 7سے 9 گھنٹے کی نیند ضروری سمجھتے ہیں۔ دنیا بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بے خوابی یاکم خوابی کا شکار ہے جس کے سبب چڑچڑاپن، سردرد، موٹاپا، امراضِ قلب، انفیکشن، توجہ کی صلاحیت کا کم ہوجانا، پیٹ کے امراض اور ذیابطیس جیسی بیماریاں حملہ آور ہونے لگتی ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھرپور نیند لینے سے انسان کو کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں؟ گزشتہ 10برسوں کے دوران سائنسی تحقیق کی بنیاد پر یہ فوائد کچھ یوں ہیں۔
بہتر تعلیمی نتائج
اچھی اور مناسب نیند انسان کے تعلیمی نتائج پر بھی مثبت طور پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اس بات کی وضاحت کے لیےگھینٹ یونیورسٹی اور کے یو لیووین یونیورسٹی کےتعاون سے ایک سروے کیا گیا، جس میں 621طالب علموں کی نیند کی کیفیات کا جائزہ لیا گیا۔ اس مطالعے میں بتایا گیا کہ وہ طلبہ جو روزانہ 6سے7گھنٹےکی نیند لازمی لیتے ہیں، ہر امتحان میں ان کے مارکس دوسرے طالب علموں (6گھنٹے سے کم نیند لینے والے ) سے اوسطاً1.5فیصد اضافی ہوتے ہیں۔ گھینٹ یونیورسٹی کے پروفیسر، ڈاکٹر ستجن برٹ کے مطابق جو طالب علم باقاعدگی سے مناسب نیند لیتے ہیں ان کی تعلیمی کاکردگی بہترین ہوتی ہے۔
تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ
ہارورڈیونیورسٹی اور بوسٹن کالج میں کی گئی تحقیق کے مطابق، نیند کے دوران انسان کی یادداشت اور جذبات مضبوط ہونے لگتے ہیں اور یہ عمل تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد دیتا ہے۔ اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کسی تخلیقی منصوبے پر کام کرنے سے پہلے رات کو بھرپور نیند لیں کیونکہ رات کو لی گئی نیند کسی بھی منصوبے پر کام کرنے کے لیے آپ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے۔
یادداشت بہتر بنانے میں معاون
2014ء کے دوران کیےگئے ایک تحقیقی مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ رات میں لی گئی مناسب نیندانسانی یادداشت کو بہتر بنانےمیں معاون ومددگار ہوتی ہے۔ نیند کے دوران انسانی ذہن ان تمام باتوں اور مشقوں کو بہتر طریقے سے محفوظ کرنے کے قابل ہوجاتا ہے، جو جاگنے کے دوران اس نے سیکھی ہوتی ہیں۔ ایسا کرنے سے دماغ مستقبل میں ان باتوں کا جائزہ لینے اور نئی باتوں کو سیکھنے کے قابل ہوجاتا ہے۔
دماغ سے زہریلے مادوں کا اخراج
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی اسٹڈی کے مطابق ،رات کے وقت لی گئی مناسب نیند دماغ سے زہریلے مادےمثلاً ٹاکسن کے اخراج کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔ دیگر تحقیق اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہیں کہ ٹاکسن کی موجودگی دماغی امراض مثلاًالزائمر اور ڈیمینشیا جیسی خطرناک بیماریوںکا سبب بنتی ہے۔ مطالعہ میں بتایا گیا ہے کہ نیند کے دوران انسانی دماغ تیزی سے زہریلے مادوں کا اخراج کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طبی ماہرین مناسب نیند کو صحت مند زندگی کے لیے لازمی قرار دیتے ہیں ۔
کم بیمار پڑنا
ایک تحقیق کے دوران مختلف لوگوں میں نیند کی کیفیات اور سردی کے دوران لگنے والے عام وائرس کا مطالعہ کیا گیا۔ مطالعے کے اختتام پر ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ وہ افراد جودن بھر میں 7گھنٹے یا اس سے کم نیند لیتے ہیں وہ سال میں ان لوگوں کی نسبت، جو دن میں 8گھنٹے باقاعدگی سے نیند لیتے ہیں، تین گنا زیادہ بیمار پڑتے ہیں۔ ایک مطالعے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ان افراد میں کام کی جگہوں مثلاًدفتر سے بیماری کےسبب غیر حاضر رہنے کی شرح زیادہ پائی جاتی ہے۔
ڈپریشن کا کم خطرہ
امریکن اکیڈمی آف سلیپ میڈیسن کے صدر ڈاکٹرصفوان بدر کے مطابق مناسب نیند انسان کی جسمانی ، ذہنی اور جذباتی صحت کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اکیڈمی آف سلیپ میڈیسن کے مطابق نیند کی کمی خطرناک حد تک ڈپریشن کی سطح میں اضافہ کرتی ہے۔ یہ تحقیق انسان کے مثبت اور منفی جذبات کو اس کی نیند کے ساتھ منسلک کرتی ہے، جس کے تحت کم نیند لینے والے انسان کا دماغ منفی خیالات کی جانب تیزی سے مرکوز ہوتا ہے۔
اچھی نیند خوبصورتی بڑھائے
ماہرین رات کی نیند کو خوبصورتی اور دلکشی سے بھی جوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو افراد رات میں باقاعدگی سے 7سے 9 گھنٹے کی نیند لیتے ہیں، وہ عام افراد کی نسبت زیادہ حسین ہوتے ہیں، اسی لیے ماہرین نیند کو ’بیوٹی ٹریٹمنٹ‘ سے تشبیہہ دیتے ہیں۔ دوسری جانب یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے مطابق نیند کی کمی وزن میں اضافے کا سبب بنتی ہے، اس کے برعکس جو افراد مناسب نیند لیتے ہیں، ان کی بھوک میں کمی واقع ہوتی ہے۔ مناسب نیند ایتھلیٹک صلاحیتوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی تسلیم کی جاتی ہے۔ اچھی نیند لینے والے افراد دیگر عام افراد کی نسبت ورزش کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔