بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے ایک پرانے جھگڑے پر ابھی تک اداکار ویویک اوبرائے کو معاف نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار ویویک اوبرائے 16 سال پرانے جھگڑے پر آج تک سلمان خان سے معافی مانگ رہے ہیں تاہم سلمان خان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
ویویک اوبرائے اور سلمان خان کے درمیان جھگڑے کی شروعات 2003ء میں ہوئیں، جب بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے سلمان خان کے ساتھ بریک اپ کیا، جس کے بعد میڈیا میں خبریں آنے لگیں کہ وہ ویویک اوبرائے کی قریبی دوست بنتی جا رہی ہیں۔
2003 ء میں ایک پریس کانفرنس میں ویویک اوبرائے نے سلمان خان پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے نشے کی حالت میں مجھے قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں جس پر سلمان خان نے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا۔
حال ہی میں بھارتی ویب سائٹ پر ویویک اوبرائے سے سوال کیا گیا کہ وہ سلمان خان سے کیا پوچھنا چاہتے ہیں؟ جس پر ویویک اوبرائے نے جواب دیا کہ وہ سلمان خان سے یہ جاننا چاہیں گے کہ ’ کیا وہ معاف کرنے پر یقین رکھتے ہیں‘۔
اس سے قبل بالی ووڈکی ہدایتکار فرح خان کے شو میں ویویک اوبرائے نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے وہ پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہیے تھی جس کے بعد متعدد مواقع پر ویویک اوبرائے سلمان خان سے معافی بھی مانگ چکے ہیں تاہم اب تک سلمان خان نے ان سے اپنےتعلقات بحال نہیں کیے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان کے خلاف پریس کانفرنس کے بعد ویویک اوبرائے کا کیرئیر بالی ووڈ میں زوال پذیر ہوگیا تھا اور انہوں نے کافی وقت تک فلم انڈسٹری میں مشکلات کا سامنا کیا۔
ویویک اوبرائے اپنی آنے والی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے جو اومنگ کمار کی ہدایتکاری میں تیار کی گئی ہے، فلم رواں مہینے 11 اپریل کو ریلیز ہونی تھی مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے اس فلم کی ریلیز کو روک دیا گیا ہے۔