• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:شیرخوار احسن کا قتل، سچل تھانے کے 4 پولیس اہلکار گرفتار

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ کرکے رکشہ میں سوار 19 ماہ کے شیرخوار احسن کو قتل کرنے کے مقدمہ میں سچل تھانے کے 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے جنگ کو بتایا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ مقدمہ والدین کی مرضی کے بغیر اور نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے جن کی بنیاد پر تحقیقات آگے بڑھائی جائیں گی۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق سچل تھانے میں ایف آئی آر نمبر 2019/211 دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کی گئی ہے۔

ایس ایچ او سچل پولیس اسٹیشن جاوید ابڑو کے مطابق واقعےمیں براہ راست فائرنگ پولیس کانسٹیبل امجد نے سرکاری اور چھوٹے ہتھیار نائن ایم ایم پستول سے کی۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے دوران ملزم کے ساتھ موجود تین دیگر اہلکاروں عبدالصمد، خالد اور پیارو کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار چاروں پولیس اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، ملزمان کو اس مقدمہ کے تحت عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ لیا جائےگا۔

واضح رہےگذشتہ رات گلستان جوہر میں یونیورسٹی روڈ پر19 ماہ کے شیرخوار احسن کو رکشہ میں گولی لگی تھی جو اسپتال لائے جانے کے دوران جاں بحق ہوگیا۔واقعے کا مقدمہ متوفی کے والد کاشف راجہ نے چار موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرایا تھا۔

تازہ ترین