برمنگھم(پ ر) مدرسہ قاسم العلوم برمنگھم کے زیرِ اہتمام 26 ویں سالانہ سیرت جو کہ 15,14,13مئی کو جامع مسجد علیؓ اہل سنت و الجماعت میں منعقد ہورہی ہے کہ انتظامات کا جائزہ لینے اور تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس جامع مسجد علی میں زیر صدارت قاری تصورالحق مدنی منعقد ہوا جس میں مولانا ضیاء المحسن طیب، مولانا ڈاکٹر اخترالزمان عذری، مولانا محمد قاسم، مولانا عمران الحق، قاری محمد اشتیاق، اشفاق خان، حافظ روح اللہ نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاری تصورالحق نے کہا کہ سیرت کانفرنس کا مقصد حضور نبی کریمؐ کی زندگی کو اجاگر کرنا اور مسلمانوں کو آپؐ کی حیات طیبہ سے روشنی لے کر اپنی زندگیوں کو استوار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کا پیغام امن ہے جس سے دنیا کو روشناس کرنا ہے۔ اسلام امن کا دین ہے اس وقت پوری دنیا کی ضرورت امن ہے اور دنیا میں امن ہوگا تو دنیا ترقی کرے گی غربت اور جہالت کا خاتمہ ہوگا۔ اس موقع پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو برمنگھم میں مساجد کا دورہ کرکے لوگوں کو سیرت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گی۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں حقوق نسواں بل کو واپسی لینے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ علماء سے مشاورت کرکے اس بل کو قابلِ عمل بنایا جائے۔ اجلاس میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اور ممتاز عالمِ دین مولانا عبید اللہ اشرفی اور جامعہ مدینہ کے ناظم قاری غلام سرور کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعاکی اللہ تعالیٰ مرحومین کی دینی خدمات کو قبول کرتے ہوئے ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔