• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دباؤ میں آؤں گا نہ این آر او دوں گا، عمران خان

راولپنڈی(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جنہوں نے ملک کو کنگال کیا اور لوگوں پرمشکلات ڈالیں ان سے جواب لوں گا‘ اس لیے یہ جس بادشاہ سے سفارش کرائیں‘ ان کے گھٹنے دبائیں‘ مجھے کوئی فرق نہیں پڑیگا ‘دباؤمیں آؤں گا نہ این آراو دوں گا‘جیل میں بڑے اور چھوٹے ڈاکو سے ایک جیسا سلوک ہوگا‘ہم نے کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ پاناما کا حساب مانگنے پر مجھے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا‘میرے خلاف 32 کیس بنائے گئے‘دس سال میں شریفوں اور زرداریوں کے بچوں کے بچے بھی ارب پتی ہو گئے اور قوم مقروض ہوگئی ‘جس نے جتنا شور کرنا ہے کر لے‘ جواب دینا پڑے گا‘زرداری اورشریف خاندان چوری کا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئے تو روپیہ اوپر چلا جائیگا اور ڈالر نیچے آئے گا‘گیس چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کوسرسید ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب اورگیس فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے نیشنل گرڈ میں 22550میگاواٹ بجلی فراہمی پر وزارت توانائی کو مبارکباد دی ہے ۔ سرسیدایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شیخ رشید جس طرح ریلوے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سارا پاکستان ان کو دعائیں دیگا‘ ریلوے میں 36 ارب کا خسارہ تھاجسے 32ارب پر لائے ہیں ‘وسائل کی کمی سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا بلکہ کرپشن کی وجہ سے ہوتا ہے ‘ جمہوریت میں لیڈر جواب دہ ہوتا ہے، میں لندن نہیں بھاگ گیا تھا، میں نے 10 ماہ جواب دیا، سپریم کورٹ میں ایک ایک چیز کا جواب دیا جس سے میں صادق اور امین ثابت ہوا‘مجھے پتا ہے قوم کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، چوری یہ کریں، ارب پتی یہ بنیںاورمشکلات کا سامنا عوام کو کرنا پڑے ۔عمران خان نے کہاکہ نیا پاکستان بننا شروع ہوگیا ہے، کبھی بھی اتنے بڑے ڈاکوؤں پر کسی نے ہاتھ نہیں ڈالا تھا، کبھی ایسے لوگوں کا احتساب نہیں ہوا تھا، جیلوں میں غریب لوگ ملتے ہیں، جو لوگ چوری کرکے پیسہ لے گئے وہ وی آئی پی جیل مانگتے ہیں، ہمارے 80 فیصد لوگوں کے پاس ائیرکنڈیشن نہیں، ادھر یہ لوگ جیل میں ائیرکنڈیشن اور ٹی وی مانگ رہے ہیں۔ دریں اثناء عمران خان نے وزارت بجلی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے قومی گرڈ میں 22 ہزار 550 میگاواٹ بجلی شامل کرنے کے ساتھ 2 جولائی کو بجلی کی ترسیل کی بلند ترین سطح حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے جبکہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے نتیجہ میں گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اسی عرصہ کے مقابلے میں 106 ارب روپے کے اضافی محصولات جمع کئے گئے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم نے وزارت توانائی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2018ءسے مئی 2019ءکے آٹھ ماہ میں اکتوبر 2017ءسے مئی 2018ءکے اسی عرصہ کے مقابلے میں 106 ارب روپے کے اضافی محصولات جمع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محصولات میں یہ 75 فیصد اضافہ بجلی چوری کے خلاف مہم کا نتیجہ ہے۔

تازہ ترین