• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، اورنج لائن منصوبہ جنوری2020ء تک مکمل کرنے کی ہدایت

اسلا م آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور کامنصوبہ جنوری 2020 تک مکمل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت خود نگرانی کرتے ہوئے یہ منصوبہ ہرحال میں مکمل کرائیگی، دوران سماعت سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا کہ اب تک 169 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں،جس پر قائم مقام چیف جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ تاخیر سے لاگت بڑھ رہی ہے، آپ ادا کریں گے؟۔قائم مقام چیف جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے نیسپاک انجینئرنگ سروسز کی منصوبہ مکمل کرنے کیلئے مدت میں توسیع کے حوالے سے دائر متفرق درخواستوں کی سماعت کی تو صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اب تک منصوبے پر 169 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹرسبطین فضل حلیم کو توسیع دینے کیلئے سفارش بھی کر دی گئی ہے،جسٹس شیخ عظمت سعید نے منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ منصوبہ کب تک مکمل ہوگا؟ منصوبے میں تاخیر سے اسکی لاگت بھی بڑھ رہی ہے،کیا اضافی لاگت آپ ادا کرینگے؟ عدالت ہرحال میں یہ منصوبہ مکمل کروائیگی،جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے یہ منصوبہ پچھلی حکومت نے شروع کیا تھا جو اکتوبر 2018 میں مکمل ہونا تھا ،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالت نے یہ منصوبہ پراجیکٹ ڈائریکٹرسبطین فضل حلیم سے مکمل کروانے یا انکا متبادل لانے کا کہا تھا، انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹرسبطین فضل حلیم سے کہا کہ اس سے قبل عدالت کو نومبر تک ٹرین چلانے کا بتایا گیا تھا،آپ یہ بتائیں کہ کب تک ٹرین چلائی جائیگی جس پر انہوں نے استدعا کی کہ آزمائشی ٹرین چلانے اور منصوبہ کی دیگر تکنیکی جانچ پڑتال کیلئے جنوری 2020 تک وقت دیا جائے جس پرعدالت نے منصوبے کی تکمیل کیلئے اگلے سال جنوری تک کی مہلت دیدی ہے ،بعد ازاں کیس کی مزیدسماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی گئی۔
تازہ ترین