• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہوگئی ہے،محمدغالب

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ کشمیری مجاہدین نے بھارت کے لیے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں کہ بھارت کشمیر سے نکلنے پر مجبور ہو جائے گا بھارت کے تمام غیر انسانی اور غیر آئینی ہتھکنڈے کشمیریوں کو غلام اور فوجی تسلط کو قائم رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں بھارت پر عالمی دبائو بھی بڑھ رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پُرامن طور پر حل کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے فرانس کے دورے میں روسی صدر نے بھی انہیں مسئلہ کشمیر حل پر توجہ دلائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک بار پھر اپنی پیش کش کو دہرایا کہ وہ ثالثی کے لیے تیار ہیں۔ ایران کی پارلیمنٹ میں پہلی بار کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کی گئی۔ بھارت کا گھیرائو تنگ ہوتا جا رہا ہے اور بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے کہ وہ اب مذید تاخیر نہ کرے اور کشمیر سے نکل جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم پورے یورپ میں شروع ہوگئی ہے۔ علمائےکرام نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا کہ اس ضمن میں مساجد سے عوام کی رہنمائی کی جائے گی ۔ کشمیری مائوں اور بہنوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور بھارتی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ،بھارت کے خلاف تمام قانونی اور سیاسی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا تاکہ بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے ۔ محمد غالب نے کہا یورپین ممالک میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھارت کو بے نقاب اور ذلیل کرنے کے لیے بھرپور احتجاج کر کے ثابت کیا ہے کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدو جہد میں تنہا نہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم اور فوجی بربریت پر خاموش نہیں رہیں گے اور یورپین ایوانوں تک کشمیریوں کی آواز کو پہنچائیں گے۔
تازہ ترین