• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکھی،مچھروں کے خاتمے تک اسپرے مہم جاری رکھیں گے،میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہےکہ جب تک مکھیوں اور مچھروں کا خاتمہ نہیں ہوتا اسپرے مہم کو جاری رکھیں گے جس کا آغاز کردیا ہے، 40 گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر ہر ڈسٹرکٹس میں اسپرے کررہی ہیں، 24 اگست کو ملیر ڈسٹرکٹ کے تمام زون میں اسپرے کیا گیا جبکہ 25 اگست اتوار کو ڈسٹرکٹ ایسٹ میں اسپرے کیا گیا، 26 اگست کو سینٹرل، 27اگست کو ویسٹ، 28 اگست کو کورنگی ڈسٹرکٹ میں جبکہ 29 اگست کو ڈسٹرکٹ کونسل کے علاقوں میں اسپرے کیا جائے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ اسپرے کے دوران ندی ، نالوں اور جہاں پانی کھڑا ہو یا مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کی جگہ ہو وہاں دو مرتبہ اسپرے کیا جائے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کوئی علاقہ باقی نہ رہے، اسپرے مہم کے دوران جن مقامات پر اسپرے کرنے والی گاڑیوں کا جانا دشوار ہو وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے ممکن بنایا جائے، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز اپنے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ اسپرے مہم کو موثر انداز میں کامیاب بنائیں ، واضح رہے کہ ہفتہ کو میئر کراچی نے ملیر کے علاقے سعود آباد سے اس اسپرے مہم کا آغاز کیا تھا اس موقع پر میڈیا کو بتایا تھا کہ جراثیم کش ادویہ کا کوئی مسئلہ نہیں ہم خود بھی خرید رہے ہیں اور مخیر حضرات سے عطیات بھی وصول کر رہے ہیں۔
تازہ ترین