اداکار حمزہ علی عباسی کی نیمل خاور عباسی سے شادی کے بعد ایک خاتون نے اُن کی پہلی بیوی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
رواں ماہ 25 اگست کو حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور عباسی رشتہ ازدواج میں بڑی سادگی سے منسلک ہوئے ، مداحوں نے اِن کی جوڑی کو بے حد پسند کیا اور انہیں شوبز انڈسٹری کا بہترین جوڑا بھی قرار دیا ہے۔
جہاں حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور عباسی کی شادی کی خبریں ابھی تک مقبول ہیں تو وہیں سوشل میڈیا پر ایک خبر نے تہلکہ مچا دیا ۔
گزشتہ دِنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک اور ٹوئٹر پر انیلہ وریمانی نامی خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ حمزہ علی عباسی کی پہلی بیوی ہیں۔
انیلہ وریمانی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں حمزہ علی عباسی کی پہلی بیوی ہوں اور حمزہ علی عباسی کا اصل نام جہانزیب خان ہے، مجھ سے نکاح کرنے کے بعد حمزہ علی عباسی غائب ہوگئے تھے اور میں 1999 سے اپنے شوہر کو تلاش کر رہی ہوں، اسی دوران حمزہ نے مجھ سے بعض اوقات رقم بھی طلب کی تھی۔‘
انیلہ کا کہنا ہے کہ’ جب مجھے حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور عباسی کی شادی کی اطلاع موصول ہوئی تو میں نے حمزہ سے رابطہ کیا جس پر اُنہوں نے مجھے کہا کہ جہنم میں جاؤ۔‘
خاتون نے مشہور شخصیت ڈاکٹر شاہد مسعود کا اپنے ٹوئٹر میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بچپن سے ہی اپنے کزن کے ساتھ منسلک تھی لیکن پولیس کی دخل اندازی کے ڈر کے باعث میں کراچی سے اسلام آباد بھاگ گئی اور وہاں جا کر میں نےحمزہ علی عباسی سے شادی کی۔‘
خاتون نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’پولیس کے معاملے میں دخل اندازی کے ڈر کی وجہ سے میں اپنے کزن سے شادی نہیں کرسکی اور مجبور ہو کر اسلام آباد میں ایک پنجابی لڑکے سے شادی کرنی پڑی۔‘
دوسری جانب انیلہ وریمانی نے نیمل خاور عباسی کے گزشتہ روز کیے گئے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’حمزہ پہلے میری زندگی میں تھا، اِس کے ساتھ رہنے کا حق صرف میرا ہے، نیمل تُم نے مجھ سے میرا شوہر چھینا ہے۔‘
خاتون نے کہا کہ ’قانون کے مطابق شوہر اُس وقت تک دوسری شادی نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنی پہلی بیوی کو اُس کے حقوق نہ دے اور حمزہ نے مجھے میرا حق نہیں دیا ہے لہٰذا نیمل تمہیں بھی حمزہ کے ساتھ رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘
انیلہ نے اگلے ٹوئٹ میں نیمل خاور عباسی سے کہا کہ ’نیمل تمہیں نہیں معلوم کہ میں کتنا ڈر گئی تھی اور پھر اسلام آباد گئی تھی۔
خاتون نے حمزہ اور اُن کی اہلیہ نیمل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر میرے ساتھ کچھ بھی ہوا تو اُس کے ذمےدار تُم دونوں ہوگے۔
اس سے قبل بھی انیلہ وریمانی نے حمزہ علی عباسی کی ایک پوسٹ پر جواب دیا تھا۔
حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رواں سال 17 مارچ کو پی ایس ایل (پاکستان سوپر لیگ) کا فائنل جیتنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مبارک باد دی تھی، جس کے جواب میں خاتون انیلہ نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’حمزہ مجھے میرا حق دو، میں تمہاری ذمہ داری ہوں۔‘
سوشل میڈیا معلومات کے مطابق انیلہ وریمانی عُمرکوٹ کے پی پی ایچ آئی میں ایک میڈیکل افسر ہیں۔
واضح رہے کہ ابھی تک حمزہ علی عباسی کی جانب سے اس خبر کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔