• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر بعض کھلاڑیوں کے بارے میں سخت گیر مؤقف رکھتے تھے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ناموں کے سامنے انہوں نے لکیر کھینچ دی تھی لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کسی کھلاڑی کو نظر انداز کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو مصباح کے کہنے پر قومی اکیڈمی بلاکر ان کی فٹنس جانچنے کی کوشش کی گئی ہے، دو دن پہلے دونوں کے قومی اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، عمر اکمل ون ڈے ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں، اس کا انحصار ان کی فارم اور فٹنس پر ہوگا۔

احمد شہزاد پہلے سے زیادہ فٹ ہیں لیکن عمر اکمل بظاہر سپر فٹ دکھائی نہیں دے رہے ہیں، تاہم وہ اپنے بڑے بھائی کامران اکمل کے ساتھ فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔

احمد شہزاد اور عمر اکمل کی اگر قومی ٹیم میں واپسی ہوتی ہے تو وقار یونس کی موجودگی میں صورت حال دلچسپ ہوجائے گی۔

2016ء میں وقار یونس نے دونوں کرکٹرز کےخلاف منفی رپورٹ دی تھی پھر خود مستعفی ہوگئے تھے، اب وقار یونس بولنگ کوچ بن کر آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو سعد علی اور سعود شکیل کو بھی چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ماضی میں کھلاڑی پیسے دے کر ریجن کی ٹیموں میں آتے تھے۔

مصباح ابھی تک فراخ دلی کے ساتھ ہر اچھی رائے کا خیر مقدم کر رہے ہیں اور تجاویز کو اہمیت دے رہے ہیں۔

تازہ ترین