• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی خواتین عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہی ہیں وہیں اقوام متحدہ کے سائپرس مشن میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پاک فوج کی میجر فوزیہ پروین کی عالمی دنیا بھی معترف ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اقوام متحدہ کے عالمی امن کی بحالی کے لیے کام کرنے والے ’یو این پیس کیپنگ‘ آفیشل اکاؤنٹ نے میجر فوزیہ پروین کی تعریف میں ایک ٹوئٹ کیا۔

ٹوئٹ میں انہوں نےاقوام متحدہ کی نیلی ٹوپی پہنے، پاک فوج کی وردی میں ملبوس ہاتھ میں وائرلیس سیٹ تھامے اقوام متحدہ کی گاڑی کے پاس کھڑی میجر فوزیہ کی تصویر شیئر کی۔

میجر فوزیہ کی یہ تصویر قبرص کے گشت زون کے وقت کی ہے جب وہ بفرزون میں روٹین کی پیٹرولنگ پر تھیں۔

اقوام متحدہ کے مشن میں پاکستان ایک طویل ترین خدمت سر انجام دے رہا ہے ۔ بین الاقوامی امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ سے بڑی تعداد میں فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔

پاکستان میں نیدر لینڈ کے سفیر واؤٹر پلومپ نے بھی اپنے ٹوئٹ میں میجر فوزیہ کو سراہا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ امن کی بحالی میں خواتین کی شمولیت ایک مثبت قدم ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے دسمبر 2018ء میں قبرص کے امن مشن کو جوائن کیا۔ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے عالمی امن کے لیے سب سے زیادہ فوج فراہم کر رکھی ہے۔ اقوام متحدہ کی کل فوج 9 فیصد پاکستانی فوجیوں پر مشتمل ہے۔

تازہ ترین