• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی اگلی نسلوں کیلئے محفوظ بنانے کے اقدامات اٹھا رہے ہیں، ظفر علی شاہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ پانی کو اگلی نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کے اقدامات اٹھا رہے ہیں پشاور کے شہریوں کو باڑہ، جبہ اور مہمند ڈیموں سے پانی کی فراہمی اور گندہ پانی صاف کرنے کے بعد دریائوں میں ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ فصلوںاور آبی حیات کو نقصان سے بچایا جاسکے، صفائی وپانی خدمات میں مزید بہتری کے لئے تاجروں سمیت تمام طبقات کو تعاون کرنا ہوگا۔ وہ تاجر انصاف ضلع پشاور کے نائب صدر حاجی شاہ پور سلام کی قیادت میں دلہ زاک روڈ کے تاجروں، دکانداروں اور پلازہ مالکان کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے، وفد نے انہیں پانی صفائی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ مجوزہ منصوبوں کی تکمیل سے زیر زمین پانی محفوظ ہوجائے گا اور دن رات مسلسل پانی دستیاب ہوگا، سپریم کورٹ کے فیصلے اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں بور کنوئوںکی رجسٹریشن کی جارہی ہے اس سلسلے میں صارفین کے لئے ہر قسم آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں اگر کہیں درجہ بندی میں غلطی سامنے آئے تو اسے ٹھیک کیا جائے گا تاجروں ، دکانداروںاور گھریلو صارفین سے وصول کیا جانے والا بل انہی کو فراہم کی جانے والی خدمات پر خرچ کیا جارہا ہے حکومت بھی اس مد میں کئی گنا زیادہ رقم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی پر ناجائز بوجھ نہیں ڈالا جائے گا تاجروں کو پانی کا بے دریغ استعمال اور ضیاع روکنے میں عملے سے تعاون کرنا ہوگا۔ وفد کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں چیف ایگزیکٹو آفیسرنے پلازوں اور تجارتی صارفین کی رجسٹریشن میں تاجروں اور پلازہ مالکان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کمیٹی قائم کی جوتاجروں کے مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زریاب سکول کے ساتھ پانی کی پائپ لائن تبدیل کرنے اور دلہ زاک روڈ سے ملحقہ علاقوں میں دوبارہ مچھر مار سپرانے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین