• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام کرپٹ ڈٹے ہیں، شہباز برطانوی اخبار پرمقدمہ نہیں کرینگے،حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب رکھنا وہ ناانصافی ہے جس کی سزا ملے گی،جن لوگوں نے پنجاب میں جان ماری تھی ان کا نام و نشان نہیں ہے ،شہباز شریف قصور وار ہے کیسے ڈیلی میل کے رپورٹرکے خلاف مقدمہ کرسکتا ہے،اس نے جو کچھ کیا وہ صرف ڈرامہ بازی تھی، نواز شریف کہتے ہیں ڈٹا ہوا ہوں تو یاد رکھیں ڈٹنے اور ڈھیٹ ہونے میں تھوڑا سا ہی فرق ہوتا ہے، موجودہ معاشی و سماجی صورتحال اور کرپشن میں پی ٹی آئی کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے، یہ فصل پی پی پی اور ن لیگ کی حکومتوں میں کاشت کی گئی پی ٹی آئی حکومت میں کارکردگی نہیں دکھائے گی تو کوئی معافی نہیں ہے،وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔نواز شریف کے بیان ”ڈٹا ہوا ہوں“ پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ تمام کرپٹ لوگ ڈٹے ہوئے ہیں، شریف خاندان کی کروڑوں اربوں روپے کی ٹی ٹیز پکڑی گئیں اور ثابت ہوگیا کہ بھیجنے والے بھوکے ننگے ہیں لیکن وہ ڈٹے ہوئے ہیں،شیخ رشید کا یہ بیان بہت عجیب ہے کہ نواز شریف کو پھنسانے میں مریم کا ہاتھ ہے، کیا نواز شریف نے کچھ نہیں کیا اور صرف اپنی صاحبزادی کی بدتمیزی کی سزا وہ بھگت رہے ہیں، شیخ رشید کو اپنے بیان پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ ملک کی مجموعی دگرگوں صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی و سماجی صورتحال اور کرپشن میں پی ٹی آئی کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے، ہر شعبہ میں خراب کارکردگی کی فصل پیپلز پارٹی سے لے کر ن لیگ تک کی حکومتوں میں کاشت کی گئیں، پی ٹی آئی کا جرم یہ ہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل تیاری نہیں کی، تحریک انصاف کو موجودہ دگرگوں حالا ت برباری کی ضرورت تھی لیکن مایوسی کے عالم میں اس نے بہت زیادہ محاذ کھول دیئے۔

تازہ ترین