• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آنے سے پہلے پاکستانی نیوزچینل دیکھنا چھوڑ دیں، فوادچوہدری

وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان کا دورہ کرنےوالےغیرملکیوں کواپنی حفاظت کیلئےانوکھا مشورہ دے دیا۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان روانگی سے دوہفتےپہلےسےپاکستان کےنیوز چینل دیکھنا چھوڑ دیں،آپ خود کو زیادہ محفوظ تصور کریں گے۔

راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم 80ء کی دہائی میں افغانستان کے معاملے میں پھنس کر کہیں پیچھے رہ گئے، اب ہم مسلسل ترقی کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’میں نے جب کہا کہ سرکاری نوکریاں نہیں مل سکتیں تو میڈیا پر طوفان آ گیا، میں وزیرِ اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کہتا ہوں کہ سیٹھوں کے بجائے نوجوانوں کو بلا کر ملیں‘۔

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا آئینی حق ہے، مجھے لگتا ہے کہ یونیورسٹیوں سے ریسرچ کروانی پڑے گی کہ مولانا کے مطالبات آخر کیا ہیں؟





فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے جب سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کا چارج لیا تو یہ ایک ٹوٹی ہوئی انڈسٹری تھی، یونیورسٹیوں میں ریسرچ ہوتی تھی تو پتہ نہیں ہوتا تھا کہ آگے کیا ہو گا، کبھی بھی ڈیولپڈ معیشت کی سرپرستی سرکاری نہیں بلکہ نجی سیکٹر کرتا ہے، ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹیوں کو بزنس کرنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ مسئلہ ہے کہ یہاں پیسہ بہت ضائع کیا جاتا ہے، ہم روٹین کے آلو مٹر بیچ کر اکانومی کو سہارا نہیں دے پائیں گے، ہمیں زراعت میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہو گی، میں زرعی یونیورسٹیوں میں جا کر حیران ہوا ہوں کہ وہاں اتنا اچھا کام ہو رہا ہے۔

وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ اگر کوئی اکانومی کی الف ب جانتا ہو تو اس کو معلوم ہو گا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی، ہم ایک تابناک ماضی رکھتے ہیں، ہمیں نوجوانوں کے ذریعے ایک کامیاب اکانومی بنانی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا، فواد چوہدری

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرویز خٹک جیسے سینئر رہنما مذاکرات کے لیے جا رہے ہیں، عمران خان ملک کو گلوبل پولیٹکس کی طرف لے کر گئے ہیں، مولانا کا معاملہ بلی کے خواب میں چھیچڑے کے جیسا ہے۔

تازہ ترین