• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیر معدنیات

پشاور ( نیوزڈیسک )وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ بدھ کے روز مانیار سوات میں سوئی گیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ سوئی گیس کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے اہل علاقہ کو ایک عرصے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب اس منصوبے کی تکمیل سے مانیار کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کو سوئی گیس کی فراہمی پر علاقہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو نبھا رہی ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کا مشن صوبہ بھر میں عوامی مسائل کا حل ہے، جس پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے صوبے میں امن وامان بحال ہوچکا ہے، جس سے اب ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ حکومتی اصلاحات کے باعث صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے پسماندہ علاقوں میں اور خوشحالی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین کارکردگی کے باعث اپوزیشن جماعتوں کی دکانیں بند ہوگئی ہیں، اور اب بے جا تنقید کے علاوہ ان کے پاس کہنے کے لئے کچھ بھی باقی نہیں رہا۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت سرکاری امور میں شفافیت کو فروغ حاصل ہوا ہے، اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے ہیں جس سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھ گیا ہے اور عوامی پذیرائی کے باعث اپوزیشن جماعتیں مایوسی کے شکار ہوچکی ہیں۔ وزیر معدنیات نے اس موقع پر لوگوں میں سوئی گیس کے ڈیمانڈ نوٹس بھی تقسیم کئے۔
تازہ ترین