بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ میں کان مہتر زئی کے قریب تیل بردار ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم ہوا ہے، تصادم کے بعد کوچ میں آگ لگ گئی۔
قلعہ سیف اللّٰہ کے علاقے کان مہترزئی میں یہ حادثہ صبح 5 بجے پیش آیا جب ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ مخالف سمت سے آنے والی ایرانی تیل سے بھری ہوئی تیز رفتار پک اپ سے ٹکرا گئی۔
تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس سے کوچ میں سوار 13مسافر جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد ریسکیو کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا اور جاں بحق 9 افراد کی میتوں کو ریسکیو کی گاڑیوں میں کوئٹہ منتقل کر دیا ۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افر ا د کی لاشیں شناخت کے قابل نہیں ہیں، ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
عینی شاہدین نے بتایاکہ صبح سویرے کان مہترزئی کے علاقے میں برف باری کے باعث پک اپ گاڑی پھسلنے کے باعث مخالف سمت سے آنے والی کوچ سے ٹکرا گئی جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیئے: ڈی آئی خان، کوچ اور ٹرک میں تصادم، 9 جاں بحق
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مسلم باغ کےقریب مسافر کوچ کے حادثے میں قیمتی جانی ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے چیف سیکریٹری کوایرانی ڈیزل کے پابندی کے باوجود کان مہترزئی تک پہنچنے، راستے میں موجود چیک پوسٹوں سمیت تمام پہلوؤں کاجائزہ لے کر24 گھنٹےمیں رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کی ہے۔
مسافر کوچ ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ جا رہی تھی، جبکہ جاں بحق مسافروں کا تعلق ڈی جی خان، لورالائی اور کوئٹہ سے ہے۔