سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی، پنجاب کے شہروں ملتان اور چکوال میں آتش زدگی کے واقعات پیش آئے ہیں، جن میں لگنے والی آگ پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا۔
کراچی کے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کی دوسری منزل پر آئی سی یو میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کےعملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
قومی ادارہ برائے امراض قلب کے سیکنڈر فلور پر اسٹور کے ساتھ واقع آئی سی یو میں صبح سویرے اچانک آگ لگ گئی۔
فائر بریگیڈ کے 2 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، ریسٹورنٹ میں آگ لگ گئی
ایڈمنسٹریٹر این آئی سی وی ڈی ڈاکٹر حمید اللّٰہ ملک کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب کی دوسری منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے، اتفاق سے آئی سی یو کو آگ لگنے سے پہلے ہی فیومیگیشن کے لیے مریضوں سے خالی کرا لیا گیا تھا۔
ادھر جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کی ایک بسکٹ فیکٹری میں آگ لگ گئی، جس سے لاکھوں روپے مالیت کا تیار سامان جل گیا۔
ملتان کے علاقے ممتاز آباد کے قریب جیل موڑ پر واقع ایک بسکٹ فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔
یہ بھی پڑھیئے: پیٹرول پمپ پر کوسٹر میں سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی
آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت روپے کا تیار مال جل گیا تاہم کوئی اور نقصان نہیں ہوا، ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع چکوال میں تلہ گنگ روڈ پر واقع کپڑے کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس سے دکان میں موجود سارا سامان جل گیا۔
کپڑے کے مذکورہ دکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث رات ایک بجے آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔
فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا، آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے حصہ لیا، آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا اور دیگر سامان جل کر راکھ ہو گیا۔