وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان آنے کو تیار تھی، لگتا ہے بھارت کے دباؤ میں اس نے نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت بھارت مکمل طور پر تقسیم نظر آ رہا ہے، بھارتی عوام سڑکوں پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متنازع شہریت کے قانون کے خلاف بھارت بھر میں احتجاج ہو رہا ہے، دنیا بھر میں مودی سرکار کی ہندوتوا سوچ بے نقاب ہوگئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی کریک ڈاؤن ختم کرانے کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذ پر جو کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے ردِعمل کا بھارت کو اندازہ نہ تھا، جو کشمیری رہنما ماضی میں بھارتی حکومت کے مؤقف کی تائید کرتے تھے وہ آج کنارہ کش ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: بنگلا دیش کا دورہ پاکستان غیر یقینی صورتحال سے دوچار
ایک سوال پر وزیرٍ خارجہ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی کوشش رہی ہے کہ مسلم ملکوں کےدرمیان موجود غلط فہمیاں دور کرے۔