بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے پاک فوج کے 2 جوانوں کو شہید کرنے کے واقعے کی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے شدید مذمت کی ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایک بیان میں ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ایل او سی کی خلاف ورزیاں متنازع شہریت ایکٹ سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے عوام نے مودی سرکار کی انتہا پسند سوچ کو مسترد کر دیا ہے۔
شاہ محمود نے پاک فوج کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح فوج کےشانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے بھی ایک بیان میں ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کو خراجٍ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں بھارت کی متنازع شہریت بل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارت کے اندر سے اس کے اپنے عوام نے اس انتہا پسند حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: بھارتی فائرنگ سے LoC پر پاک فوج کے 2 جوان شہید
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تازہ واقعے میں دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی محمد احسان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف پاک فوج نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے جبکہ کچھ زخمی بھی ہوئے ہیں۔