• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کی لگائی آگ پورے بھارت میں پھیل گئی: شاہ محمود


وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ جو آگ مودی حکومت نے لگائی ہے وہ اب پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے۔

وزارتِ خارجہ میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اہم خارجہ پالیسی امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 144 دن گزر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اولڈ چائنا ایمبیسی کا دورہ

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں ذرائع مواصلات کو بند کر کے دنیا کو کشمیر کے حقائق تک رسائی سے محروم کر رکھا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مودی سرکار کی مسلم کش اور ہندو توا سوچ نے پورے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے، سیکولر بھارت کے حامی شہریت کےقانون اور این آر سی کے خلاف سراپائے احتجاج ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری مسلح افواج اور پاکستانی بچہ بچہ وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، پاکستان مقبوصہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’بھارتی عزائم پر سلامتی کونسل کو خط بھیجا ہے‘‘

علاوہ ازیں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قازقستان میں پیش آنے والے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

دفتر ِخارجہ سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قازقستان طیارہ حادثے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دل گرفتہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں قازقستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ آج صبح قازقستان کے الماتے ایئر پورٹ پر پیش آیا جب ایک مسافر طیارہ اڑان بھرتے ہی زمین پر آ گرا، حادثے کے شکار طیارے میں مبینہ طور پر 100 مسافر سوار تھے۔

تازہ ترین