• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنگھائی تعاون تنظیم، بھارت عمران خان کو دعوت دے گا

شنگھائی تعاون تنظیم، بھارت عمران خان کو دعوت دے گا


بھارتی صحافی گیتا موہن نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کو دعوت دیئے جانے کا امکان ہے۔

گیتا موہن نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس رواں برس کے آخر میں ہوگا، امکان ہے کہ مودی سرکار اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو بھی مدعو کرے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ حکومتی سربراہ کی حیثیت سے وزیرِ اعظم عمران خان کو دعوت دی جانی ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم عام طور پر ریاست کے سربراہی اجلاسوں میں تو شرکت کرتے ہیں جبکہ حکومتی سربراہی اجلاس کے لیے وزیرِ خارجہ یا کسی وزیر کو بھیجا جاتا ہے۔

گیتا موہن کا کہنا ہے کہ دیکھنا یہ ہے کہ اس اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان سے کون آتا ہے؟

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے سرکاری حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بھارت ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کو شرکت کی دعوت دے گا۔

ایس سی او سیکریٹری جنرل گزشتہ دنوں بھارت پہنچے تھے جہاں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ بھارت پہلی بار ایس سی او سربراہان کی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔

بھارت، چین، قازقستان، کرغستان، روس، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان ایس سی او کے رکن ممالک ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کو 2017ء میں ایس سی او کی مستقل رکنیت ملی ہے۔

میڈیا رپورٹ  کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا اجلاس رواں سال کے آخر میں بھارت میں ہوگا۔

تازہ ترین