• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار ) ضلعی انتظامیہ نے شہر میں مختلف پابندیاں عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے غیر قانونی تشہیر کرکے فراڈ کے ذریعے عوام سے رقم بٹوری جاتی ہے، لہٰذا ان کی تشہیر پر پابندی لگادی گئی۔ شہرمیں ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر، اخبارات میں اشتہارات دینے، پلاٹس فروخت کرنے، ممبرشپ فیس لینے سے متعلق تمام قسم کی تشہیر پر پابندی لگادی گئی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ نے خیابان سہروردی، تھرڈ ایوینیو، فورتھ ایونیو اور سرینہ چوک سمیت ریڈزون میں 5 یا اس سے زائد افراد اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کردی۔ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں پہاڑوں کی کھدائی سمیت فرقہ واریت میں استعمال ہونے والے سی ڈی، ڈی وی ڈی اور ساؤنڈ سسٹم پر بھی پابندی عائد کردی۔ شہر میں آتش بازی، اس کا سامان رکھنے، خرید و فروخت کرنے اور آتش بازی کے اوزار رکھنے کی بھی ممانعت ہوگی۔ جاری نوٹیفکیشن میں شہر بھر میں فرقہ واریت پر مبنی بینرز لگانے، وال چاکنگ کرنے اور پمفلٹس بانٹنے پر بھی پابندی لگادی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد میں لاؤڈ اسپیکر سے فرقہ واریت پر مبنی تقاریر پر بھی پابندی ہوگی جبکہ تمام قسم کے جلسے، جلوس، اجلاس، مجالس اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق یہ تمام پابندیاں دفعہ 144 کے تحت ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نے عائد کیں۔ ان تمام پابندیوں کا اطلاق 14 جنوری سے آئندہ 2 ماہ تک ہوگا ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین