• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلوپیتھک اور یونانی طب کے ماہرین ملکر صحت کے مسائل حل کریں، ڈاکٹر فرحانہ میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحانہ میمن نے کہا ہے کہ صحت عامہ کا مسئلہ مل بیٹھ کر اور مشترکہ کوششوں سے ہی حل ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے متبادل ادویہ پر ہمدرد انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد اس مقصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا اور ان کاوشوں کو مہمیز دے گا۔ وہ ”متبادل طریقۂ علاج کی عالمی مقبولیت، ذمہ داریاں اور چیلنجز“ کے موضوع پر ہمدرد کے تحت تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینتہ الحکمہ، کراچی میں خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید طب اور جدید تحقیق اب بریسٹ فیڈنگ پر زور دے رہی ہے، جو ہمارے معاشرے میں صدیوں سے رائج تھا مگر جسے ہم نے ماڈرن بننے کے زعم میں خاص طور پر شہروں میں ترک کر دیا تھا۔ ہمیں اپنی تہذیبی اور خاندانی روایات پر واپس آنا ہے اور بریسٹ فیڈنگ یعنی ماں کو اپنے بچے کو اپنا دودھ پلانے پر زور اور رواج دینا ہے۔ ہماری پرانی چیزیں بہتر ہیں، ہماری ہربل ادویہ اچھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکیم محمد سعید کے طبی کارناموں، ان کی تحقیق اور دریافتوں کو لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ لوگ طب کے بارے میں جان اور اس سے استفادہ کر سکیں۔ ہمدرد یونی ورسٹی کی فیکلٹی اوف ایسٹرن میڈیسن کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اعجاز محی الدین نے ”عظم غداقدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ کی بیماری) میں یونانی ادویہ کی کلینکل جانچ“ کے موضوع پر اپنا پرمقالہ پیش کیا۔

تازہ ترین