• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، آزاد کشمیر میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع

آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا


آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی حصوں، قبائلی اضلاع اور بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں برف باری کے بعد وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

غذر میں اکثر رابطہ سڑکوں کو بحال کر دیا گیا ہے، ہنزہ اور شمالی وزیرستان میں برف باری سے سردی بڑھ گئی ہے۔

وادیٔ زیارت میں بھی ہلکی برف باری ہوئی، جبکہ کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان میں کان مہتر زئی میں برف باری کے بعد کوئٹہ ژوب شاہراہ پر آمد و رفت معطل ہے، کوژک ٹاپ پر برف باری کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر بھاری ٹریفک کی آمد و رفت بند ہے، برف ہٹانےکا کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم کا لوگوں کی جانیں بچانیوالے کو خراج تحسین

پی ڈی ایم اے نے خبر دار کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا سے آنے والے مسافر آج مسلم باغ، قلعہ سیف اللّٰہ کے ہوٹلوں پر قیام کریں جبکہ کوئٹہ سے جانے والے مسافر آج اور کل کسی صورت سفر نہ کریں۔

وادیٔ گریس، نیلم، کیل، لیپہ، شاردہ ،شونٹھر، جاگران اور سرگن میں بھی برف باری ہوئی ہے، برفانی تودوں سے متاثرہ علاقوں میں دوبارہ برف باری ہونے سے دشواریوں کا سامنا ہے۔

نیلم کے ہیڈ کوارٹر آٹھ مقام پر برف باری اور بارش ہوئی ہے، ہٹیاں بالا، چکار، چکوٹھی اور باغ اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

سدھنوتی، پلندری اور پونچھ کے اضلاع میں بھی بارش اور ہلکی برف باری کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ نکیال شہر اور ملحقہ علاقوں میں رات سے وقفے وقفے سے بارش اور برف باری جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں بارش، برفباری کا نیا سسٹم آج داخل ہوگا

گزشتہ رات لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی۔

محکمۂ موسمیات نے بالائی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آج بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران سب سے کم درجۂ حرارت اسکردو میں منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

استور میں منفی 16، مالم جبہ اور دیر میں منفی 5، کوئٹہ اور مری میں منفی 3، راولا کوٹ میں منفی 2، اسلام آباد میں 3، پشاور اور سکھر میں 5، سرگودھا، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 7، لاہور، حیدر آباد اور ٹھٹھہ میں 8 اور کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: برفباری سے بند باعث شاہراہوں کی بحالی کا آپریشن جاری

ادھر پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے ایم 4 شام کوٹ سے شیر شاہ انٹر چینج تک بند ہے۔

موٹر وے ایم 5 ملتان سے جلال پورتک بند ہے، قومی شاہراہ پر خانیوال، ملتان، بستی ملوک اور لودھراں میں دھند ہی دھند ہے جبکہ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

تازہ ترین