• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن بڑھنے کی عالمی رپورٹ، کرپشن کم کرنے والی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، اپوزیشن

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں کرپشن بڑھنے کی عالمی رپورٹ پر اپوزیشن جماعتوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کرپشن کم کرنے والی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ۔

ن لیگ نے کہا کہ چور چور نعرے لگائے لیکن اصل چوری 16ماہ میں کی گئی۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کے دعوے بے نقاب ہوگئے جبکہ اے این پی نے کہا ہےکہ حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے گورننس اور کرپشن کے معاملات پر بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت کے منہ پر طمانچہ قرار دے دیا اور کرپشن میں اضافے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، جھوٹے دعوؤں سے ملک نہیں چلتے۔

اچھی گورننس سے چلتے ہیں۔ رپورٹ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ چور چور کے نعرے لگائے گئے لیکن اصل چوری ان 16ماہ میں کی گئی، جو چینی اور آٹے کے بحران کے ذمہ دار ہیں وہی اب صورتحال کو کنٹرول کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ثابت ہوا کرپشن بڑھ گئی اور حکومت کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین