• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضم شد ہ اضلاع میں پولیس چوکیوں میں کام کا آغاز

پشاور( کرائم رپورٹر) خیبرپختونخوا پولیس نے ضم شد ہ اضلاع میں تعمیر ہونے والی پولیس چوکیوں میں کام کا آغاز کردیا ہے ۔ غیر ملکی ادارے (INL)کے اشتراک سے ضم شدہ اضلاع میں پایہ تکمیل تک پہنچنے والی چار چوکیات خیبر پختونخوا پولیس کے حوالے کرنے کے موقع پر انجنیئر عدنان خان گزشتہ روز سی پی او میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی اور افسران کو نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے قبائلی اضلاع میں 4 نو تعمیر شدہ چوکیات کی پایہ تکمیل تک پہنچانے اور پولیس کے حوالہ کرنے سے متعلق بریفنگ دی۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ نوتعمیر شدہ چوکیات، پولیس کے حالات کار اور اوقات کو مدنظر رکھکر بنائی گئی ہیں۔ اور اسمیں پولیس کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔ آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ ان چوکیات میں مقامی پولیس نے باقاعدہ اپنے فرائض سنبھال کر پولیسنگ کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی کو یہ بھی بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں پولیس فورس کے لیے عمارتوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد پولیس کی دیگر عمارتیں تعمیر کرکے پولیس کے حوالے کر دی جائینگی۔ چار چوکیات میں ذخہ خیل جڑوبی، ناواگئی باجوڑ، ڈوگر سنٹرل کرم اور یکہ غنڈ مہمند شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایف آر کوہاٹ ٹنل، تختہ بیگ شاہ کس، تیراہ میدان خیبر ایجنسی اور جانی خوڑ پشاور پر 90 فیصد سے زیادہ کام تکمیل پاچکا ہے۔ آئی جی پی نے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قبائلی اضلاع میں پولیسنگ کے معیار کو وابستہ عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور علاقے کی روایات کو ساتھ لیکر بہترین پولیسنگ کی داغ بیل ڈالی جائیگی۔
تازہ ترین