• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں یومِ جمہور نہیں یومِ فتور برپا ہے: فردوس عاشق

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ بھارت میں یومِ جمہور نہیں یومِ فتور برپا ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اور بھارت کے عوام کو مودی سرکار کی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کی ضرورت ہے، عالمی میڈیا بھارت کو غیر ذمے دار ریاست کا عنوان دے رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج بھارت سے متعلق وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کا بیانیہ درست ثابت ہو رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم و ستم کر کے کشمیریوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: حکومت کا کوئی بڑا کرپشن اسکینڈل سامنے نہیں آیا، فردوس

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے آج بھارت کے سیکولر ازم کے دعوے کی نفی کر رہے ہیں، پاکستان بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ آج بھارت میں ہر شعور رکھنے والا مودی کے بیانیے کی نفی کر رہا ہے، بھارتی حکومت نے دہشت گرد کارروائیوں سے سیکولر ازم کے دعوے کو دفن کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اقلیتوں کو ختم کرنے کے درپے ہے، بھارتی یومِ جمہوریت پر آج بھی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافد ہے۔

پنجاب حکومت کے متعلق فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے پنجاب حکومت سے متعلق میڈیا میں خبریں آتی رہیں، کل ایک اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ صدارت ہوا۔

یہ بھی پڑھیئے: چھوٹے تاجروں پر کسی نے توجہ نہیں دی، فردوس

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں معزز ارکان کے تمام گلے شکوے دور ہوئے، بیماری کی آڑ میں پنجاب میں سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ق لیگ اور دیگر اتحادی وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب کے تمام ایم پی ایز نے ایک بار پھر عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترچھی ٹوپی والی سرکار پنجاب حکومت گرانے کے لیے سازشوں میں مصروف ہے، وہ ٹوپی سیدھی کر کے پاکستان آئیں اور یہاں بیٹھ کر سیاست کریں۔

فردوس عاشق اعوان کا وزیرِ اعظم کی آج کی مصروفیات کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج لاہور میں تمام ارکانِ اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: جوانی میں 22 بوتل خون عطیہ کرچکی ہوں، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت کے اندر پارٹی ڈسپلن کا اطلاق بہت ضروری ہے، اختلافِ رائے کا حق پارٹی اجلاسوں میں ہوتا ہے۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ میڈیا میں اپنا قد اونچا کرنے کے لیے اپنی ہی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے تو فیصلے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سزا اور جزا نہ ہو اور ہر کوئی شترِ بے مہار کی طرح ہو تو یہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اختلافِ رائے ضرور کریں لیکن پارٹی آئین کے تحت اس کا طریقۂ کار موجود ہے، موجودہ حکومت نے ہر وہ فیصلہ کیا ہے جو ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے ہو۔

یہ بھی پڑھیئے: آٹے کیلئے وزیرِاعظم نے اقدامات اٹھالیے، فردوس

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مافیاز کے خلاف ہماری جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جب کوئی شمع بجھنے والی ہوتی ہے تو وقتی طور پر اس کی آگ بڑھتی ہے۔

تازہ ترین