• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے شہریوں نے موسم تبدیل ہونے پر اگر گرم لحاف اور کپڑے رکھنے کا سوچا ہے تو اپنا ارادہ تھوڑا تبدیل کر دیں، شہری فروری کے آخر تک سردی کا مزہ لے سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہرِ قائد میں فروری کے آخر تک سردیوں کا ڈیرہ رہے گا، 2014ء کے بعد اس سال سردیوں کا دورانیہ طویل رہا ہے اور سردی کی شدت بھی زیادہ ہے۔

ترجمان محکمۂ موسمیات کے مطابق آج رات سے شہر میں سائبیرین ہوائیں اثر انداز ہوجائیں گی، جس کے باعث کل سے کم سے کم درجۂ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 13 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ میں پھر بارش شروع، موسم مزید سرد

ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں بارش جبکہ گلیات کے مختلف علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے۔

مری اور بھوربن میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

ادھر پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، لاہور میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آج بھی وقفے سے وقفے سے جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں آج رواں ماہ کا سرد ترین دن قرار

گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری جاری ہے، اسکردو اور دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے۔

موسم کی خرابی کےباعث اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان فضائی سروس 6 روز سے معطل ہے۔

برف باری کی وجہ سے استور کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

آزاد کشمیر میں وادیٔ نیلم، گریس، شونٹھر، سُرگن اور جاگران میں تیز برف باری جاری ہے، میر پور، نکیال، باغ اور برنالہ میں بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کالام منفی 14ڈگری کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ

جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں پیر غر اور آسمان منزہ میں برف باری جاری ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری تھم گئی ہے، جس کے بعد مختلف شاہراؤں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

لیویز حکام کے مطابق کوژک ٹاپ سے برف صاف کرنے کے لیے آپریشن رات بھر جاری رہا۔

کوئٹہ چمن شاہراہ پر آج دن میں بھاری ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے، کراچی سے آنے والے ٹرانسپورٹرز کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین