سعودی عرب میں وزارت ثقافت کے زیر اہتمام ’’نیشنل تھیٹر پروجیکٹ‘‘کا آغاز ہو گیاہے ،جس کا اعلان درالحکومت ریاض کے ’’کنگ فہد کلچرل سینٹر‘‘ میں وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبدالله بن فرحان کی سرپرستی میں ہوا۔ اس موقعے پر نام ور فن کاروں، دانش وروں اور سعودی عرب سمیت عرب دنیا میں تھیٹر میں خصوصی دل چسپی رکھنے والی شخصیات کے علاوہ معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ بدر نے کہا کہ ’’نیشنل تھیٹر پروجیکٹ‘‘ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب سعودی عرب میں ثقافت کا شعبہ اپنے بہترین دور سے گزر رہا ہے۔
اس سلسلے میں مملکت کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزيز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے غیر معمولی سپورٹ دیکھنے میں آئی ہے۔سعودی وزیر نے باور کرایا کہ وزارت ثقافت اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ نیشنل تھیٹر پروجیکٹ ملک میں پرفارمنگ آرٹس میں جدّت کی قیادت کرے اور مقامی سطح کے تھیٹر کو عالمی معیار تک پہنچا دے۔
سعودی وزیر ثقافت کے بعد ’’نیشنل تھیٹر پروجیکٹ‘‘کے سربراہ عبدالعزيز السماعيل نے حاضرین سے خطاب میں اس پروجیکٹ کے اہداف و مقاصد پیش کیے۔نیشنل تھیٹر پروجیکٹ کو مملکت میں تھیٹر کے ایک مربوط نظام کی تاسیس کی جانب پہلا عملی قدم شمار کیا جا رہا ہے۔ ایک ایسا نظام جو اعلیٰ معیار کی تھیٹر پروڈکشن کو یقینی بنائے اور تھیٹر کے فن کاروں کو اعلیٰ فنی معیار کے مطابق اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا بڑا موقع فراہم کرے۔