• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول اور آزادی ِ کشمیر کے لئے اسپین میں متحرک تنظیم ندائے کشمیر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بارسلونا کی معروف شاہراہ رامبلہ راوال پر ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ لارڈ نزیر احمد ، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اور راجہ مختار سونی سمیت مختلف رہنماؤں و دیگر نامور شخصیات نے ریلی کی قیادت کی اور شرکاء سے اپنے خیالات کا اظہار کیا-ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، شرکاء میں خواتین اور بچوں کی تعداد بھی نظر آئی۔

ریلی کے شرکاء نے ’’پلے کارڈز اور بینرز‘‘ اٹھا رکھے تھے ،جن پر کشمیریوں کے ’’حق خود ارادیت‘‘کی حمایت، ان پر کیے جانے والے بھارتی مظالم اور ان پر آزمائے جانے والے اوچھے بھارتی ہتھکنڈوں کے خلاف اور اہل پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کے لیے مکمل سیاسی،سفارتی،قانونی و اخلاقی حمایت کے اعادہ کے متعلق نعرے درج تھے-شرکاء ریلی نے اہل کشمیر کی حمایت میں فلک بوس نعرے بلند کیے اور کشمیریوں پر کیے جانے والے بھارتی مظالم کی سخت مذمت کی۔ ریلی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ،جس کی سعادت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان نے حاصل کی ۔

اس موقعے پر مقررین نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈین آرمی نے گزشتہ آٹھ ماہ سے کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، طرح طرح کے ظلم و ستم اور بربریت کا ارتکاب کیا جا رہا ہے،’’پیلٹ گنز‘‘ سے معصوم بچوں اور نوجوانوں کی بینائی چھینی جا رہی ہے، عام شہریوں کے لیے ضروریاتِ زندگی کی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی ہے، مختلف کالے قوانین کے اطلاق کے ذریعے انڈین سیکورٹی فورسز کشمیریوں کو جبر کا نشانہ بنا رہی ہیں،اس کے باوجود اہل کشمیر نے بھارتی مظالم کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کردیا ہے اور ’’تحریک آزادیء کشمیر‘‘ہر آئے دن جوش و خروش کے ساتھ زور پکڑ رہی ہے۔

کشمیریوں نے اپنی ثابت قدمی سے اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ وہ آزادی کے علاوہ کسی آپشن کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں، بھلے ان کی بہنوں اور بیٹیوں کے سہاگ اجڑ جائیں اور ماؤں کی گودیں ویران ہو جائیں۔فرزندانِ کشمیر گولیوں کی بوچھاڑ میں بھی فلک بوس نعرے بلند کرتے ہیں کہ ’’لے کے رہیں گے آزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، کشمیر بنے گا پاکستان‘‘۔ریلی سے لارڈ نزیر احمد ، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری ، ندائے کشمیر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ مختار سونی ، محمد اقبال چوہدری ، ملک محمد شریف اور ہما جمشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اپنی ریاستی دہشت گردی کی بدولت مسئلہ کشمیر کے معاملے میں عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے اور اب کوئی بھی آواز ہندوستان کے مؤقف کی تائید میں نہیں اٹھتی۔

بھارت اپنی ’’پروپیگنڈا مشینری‘‘ کے ذریعے دنیا کو یہ بات باور کرانے کے لیے شدومد سے مصروف ہے کہ تحریک آزادئ کشمیر دہشت گرد اور علیحدگی پسند تحریک ہے لیکن خوش قسمتی سے وہ اپنی اس کوشش میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔اس کے برعکس، کشمیریوں کے نقطہ نظر کو مستقل مزاجی اور مظلومیت کے سبب اقوام متحدہ اور یورپی ایوانوں میں پذیرائی مل رہی ہے-بین الاقوامی میڈیا پر پابندی کی بھارتی کوششوں کے باوجود، کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی عالمی سطح پر سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے-اس زمرے میں یہ مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے کہ کشمیر میں ہونے والی بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عالمی سطح پرغیر جانبدرانہ تحقیقات کروائی جائیں۔

تحریک آزادئ کشمیر نے اقوام عالم پر واضح کر دیا ہے کہ کشمیری غیور،حریت پسند اور غیرت مند قوم ہیں جنہوں نے ہر قسم کی ترغیب و لالچ کو ٹھکراکر اپنی حریت و آزادی کا سودا نہ کیا- مقررین کا کہنا تھاکہ کشمیر میں اگر امن قائم نہ ہو ا تو برصغیر میں امن ہونا نا ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ مودی نے نہ صرف کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہے بلکہ انڈیا کو بھی ٹکڑے کرنے کا جو منصوبہ بنایا ہے اُس کے بارے میں اب انڈیا میں رہنے والوں کو بھی پتا چل چکا ہے، مودی کو اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ انڈیا کے پاس جو آخری کارڈ تھا وہ اس نے کشمیر کی آئینی حقیقت ختم کرنے کی چال چل کر ختم کر دیا ہے، کشمیریوں کی آزادی کا سورج اب طلوع ہونے کو ہے۔ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے حکومت پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی تک اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی، ثقافتی اور اخلاقی امداد جاری رکھے گی، ریلی کے شرکاء میں پاکستان مسلم لیگ ن اسپین، پیپلز پارٹی اسپین، تحریک انصاف اسپین اور دوسری مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی۔

اس موقع پر لارڈ نزیر احمد نے کہا کہ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اور ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے صدر راجہ مختار سونی نے جس طرح کشمیر کاز کو اسپین کے ایوانوں میں اجاگر کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔حاجی ا سد حسین، راجہ نامدار اقبال خان، ایاز عباسی، راجہ شفیق کیانی، چوہدری گلریز بوگا، امتیاز آکیہ، ظفر پہلوان، راجو الیگزینڈر،عزیز آف منڈیر، راشد محمود،ساجد گوندل،سلیم لنگڑیال، کلیم الدین وڑائچ،جاوید مغل، چوہدری محمد سرور،اور دوسرے معززین نے احتجاجی ریلی میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور اُمت مسلمہ کے اتفاق و اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔

تازہ ترین