• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجلس محصورین پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’مسئلہ کشمیر‘‘ کے موضوع پر مذاکرہ

مجلس محصورین پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’مسئلہ کشمیر‘‘کے موضوع پر مذاکرہ
جدہ... تقریب کے مقررین و شرکاء ڈاکٹر علی الغامدی کے ساتھ

مجلس محصورین پاکستان کے زیرِ اہتمام کشمیریوں کےحق خود ارادیت کے اظہار یکجہتی کے لئے ’’کشمیر اور مسلم دنیا کی ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے ایک سمپوزیم کاانعقاد ہوا۔ جس کی صدارت سعودی تجزیہ نگار اور سابق سفارت کار ڈاکٹر علی الغامدی نے کی، جبکہ مہمان خصوصی سعودی پاک فرینڈ شپ کے صدر خالد رشید تھے۔ قاری محمد آصف کی تلاوت آیت کریمہ اور خالد جاوید کی نعت رسول مقبول ﷺ سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ اس موقع پرڈاکٹر علی الغامدی نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی کشمیر پر تمام قراردادوں سے انحراف کررہا ہے۔ بھارت کی 9 لاکھ فوج کشمیریوں کی تحریک آزادی پر قابو نہیں پاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت کو متحد کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے قائدانہ کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ کے مطابق کشمیر پاکستان کا حصہ ہونا چاہئے تھا۔ تاریخ گواہ ہے کہ 1947ء میں اس وقت کے ہندوستانی وزیر اعظم نہرو نے یو این او کے ساتھ یہ عہد کیا کہ بھارت جلد ہی کشمیر میں رائے شماری کا اہتمام کرے گا۔ لیکن 72 سال گزر جانے کے بعد بھی ہندوستان نے اس عہد کا احترام نہیں کیا۔ انھوں نے کہا مسئلہ فلسطین بھی قدیم مسئلہ ہے۔

جس کو حل کرنے میں یو این او ناکام رہا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر زور دیا کہ وہ 48 سالوں سے بنگلہ دیش میں مقیم محب وطن پاکستانیوں کی وطن واپسی اور ان کی بحالی کے اپنے وعدے کو پورا کریں۔ مہمان خصوصی خالد رشید نےسمپوزیم کے انعقاد پر پی آر سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی کوشش جاری رکھنی چاہئے، انشااللہ جلد ہی کشمیریوں کو ان کے حقوق مل کےرہیں گے ۔ انہوں نے یو این او پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں رائے شماری کے لئے اپنی قرارداد کو قابل عمل بنائے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر عہدیدار تصور چوہدری نے بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر پر سخت موقف اختیار کرنے پر مرحوم ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی تعریف کی۔شاہد نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت اورکشمیر میں بھارتی مظالم کو بند کرنے کے لئے اسٹریٹجک کشمیر کمیٹی تشکیل دے۔ نورالحسن گجرل نے او آئی سی اور ممبر مسلم ریاستوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی میں کشمیریوں کا ساتھ دیں۔ پاکستان رائٹرز فورم کے صدرانجنئیر سید نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان کے دو قومی مسائل ہیں ایک کشمیر اور دوسرے بنگلا دیش میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی، اسے حل کرنے کیلئے حکومت کو سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

سماجی رہنما شمس الدین الطاف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ کشمیری شہریوں کے خلاف بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائی کو روکنے کے لئے سخت کارروائی کرے، محمد امانت اللہ خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اجلاس اور گفتگو سے حل نہیں ہوسکتا، بھارتی افواج کی جارحیت کا انتقام لینے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے بشیر سواتی نے بھی خطاب کیا، پی آر سی کنوینر انجینئر سید احسان ا لحق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔

تازہ ترین