• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحالی تحریک بی ایم سی کے مطالبات پورے کئے جائیں‘انجینئر عثمان

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کرنے پر طلباء طالبات کی گرفتاری نے آمریت کی یاد تازہ کردی ، حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں گرفتار کررہی ہے جو افسوسناک ہے ، حکومت بی ایم سی بحالی تحریک کےمسائل پورے کرے ۔بی ایم سی بحالی تحریک کے طلباء وطالبات اور ملازمین کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے گیٹ سے پرامن مظاہرین کو گرفتار کرنا حکومتی ناکامی ہے۔ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج اور اظہار رائے کا حق دیتا ہے۔ بولان میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے احتجاجی طلباء و طالبات کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ مسائل حل اورمتنازع قانون میں ترمیم کرنے کی بجائے پرامن احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہاہے جبکہ اس بار قبائلی رسم و رواج سے ہٹ کر خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا جس سے ثابت ہوا کہ بلوچستان میں عملاً تمام بنیادی انسانی حقوق پر قدغن لگادی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات گزشتہ کئی ماہ سے احتجاج پر ہیں اور بولان میڈیکل کالج میں تعلیمی سرگرمیاں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر بی ایم سی بحالی تحریک کے مطالبات پورے کرے۔
تازہ ترین