• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایجباسٹن کرکٹ گرائونڈ NHS سٹاف کے ٹیسٹ سینٹر میں تبدیل

لندن (پی اے)برطانیہ کا کرکٹ گرائونڈ ایجباسٹن کرکٹ گرائونڈ کو این ایچ ایس سٹاف کیلئے کورونا وائرس ٹیسٹ سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس ٹیسٹ سینٹر کو سٹیڈیم کے پارکنگ ایریا میں قائم کیا گیا ہے۔ این ایچ ایس نے کہا ہے کہ یہاں عملے کے ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں، تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ وہ مریضوں کی خدمت کیلئے اب بھی صحت مند ہیں۔ واروکشائر کائونٹی کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو نیل سنوبال نے کہا ہے کہ انہیں اس پر مسرت ہے کہ کائونٹی کے ہوم گرائونڈ کو این ایچ کی مدد کا موقع مل رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کلب نے کہا کہ انہوں نے یہ جگہ محکمہ صحت اور سوشل کیئر کے سپرد کردی ہے۔ نیل سنوبال نے مزید کہا کہ یہ باعث مسرت ہے کہ ہمارا سٹیڈیم این ایچ ایس عملے کی کورونا وائرس سے نمٹنے میں بہترین خدمات میں مدد کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایجباسٹن کرکٹ گرائونڈ میں اس سہولت کی فراہمی کا بنیادی مقصد کورونا وائرس کے مریضوں سے نبردآزما عملے کی خود کی صحت سے آگاہی کا حصول ہے، تاکہ انہیں اس وبا میں مبتلا ہونے سے محفوظ رکھ کر انہیں اور ان کی فیملی کو بچایا جا سکے۔ اس مرکز پر عملے کے گلے اور ناک سے رطوبت لے کر اس سے کورونا کا بنیادی ٹیسٹ ہوگا۔
تازہ ترین