• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن 7 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ، عثمان ڈار

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 7لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی اور کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات پر بریفنگ دی۔

عثمان ڈار نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تازہ ترین رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی جس پر وزیراعظم نے اظہار اطمینا ن کیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جس میں انجینیرز،  اساتذہ، وکلا، کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کو صوبائی سطح پر فوری متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ قابل تعریف ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے یقین تھا نوجوان مشکل وقت میں قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کریں گے جبکہ ان نوجوانوں کو صوبائی اور ضلعی سطح پر جلد متحرک کیا جائے۔

وزیراعظم نے عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹ کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ٹائیگر فورس کاپورٹل کووڈ19 کی سرکاری ویب سائٹ سے لنک کردیا گیا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ پنجاب سے رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سے 1 لاکھ 11 ہزار نوجوان ٹائیگر فورس میں شامل ہوئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا سے 1 لاکھ 2 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہوئے ہیں ۔

معاون خصوصی نے رپورٹ میں بتایا کہ اسلام آباد سے 10 ہزار، بلوچستان سے 9 ہزار، آزاد کشمیر سے 8 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

تازہ ترین