وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے عوام میں 144 ارب روپے تقسیم کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹور عمر لودھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے رقم کی منتقلی کا افتتاح کردیا ہے، عوام میں 144 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر خاندان کو 12 ہزار روپے دیے جائیں گے، پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحقین مستفید ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے مستحقین میں ایمرجنسی کیش ٹرانسفر کررہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کو زیادہ موثر اور بااختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو سستے نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے سبسڈی کی اشیاء 5 سے بڑھا کر 19 کردی ہیں جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز کے لیےریلیف پیکج عیدالفطر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج ڈھائی ارب کردیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو رمضان ریلیف پیکج کو 7 ارب تک لے جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو یوٹیلٹی کے سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ متاثرین کو 12 ہزار کیش گرانٹ فراہم کی جا رہی ہے۔