پاکستان ٹی وی اور ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے اپنے بھائی دانش حیات کے ہمراہ سوشل میڈیا کا مشہور چیلنج’اونانا‘ پورا کرلیا جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
گزشتہ روز پاکستان کی نامور اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کا بھائی دانش حیات بھی ہے۔
مہوش حیات کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں اداکارہ اپنے بھائی دانش حیات کے ساتھ میوزک ایپ ٹِک ٹاک کا مشہور چیلنج ’اونانا‘ پورا کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی اِس 17 سیکنڈز کی ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سوشل میڈیا کے تمام چیلنجز میں سے یہی وہ ایک چیلنج ہے جس کا میں نے اپنے بھائی کے ہمراہ پورا کرنے کا انتخاب کیا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ نہ پوچھیں کہ مجھے دانش کو اِس چیلنج کے اسٹیپس سیکھانے میں کتنا وقت لگا۔‘
مہوش حیات نے لکھا کہ ’اِس مشکل وقت میں بہن بھائیوں کے ساتھ لطف اندوز ہونا اُن خوشیوں میں سے ایک ہے جو آپ کے اندر چُھپے بچے کو کبھی کھونے نہیں دیتیں بلکہ آپ کےاندرونی بچپن کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں۔‘
اداکارہ کی اِس ویڈیو پر کچھ ہی گھنٹوں میں ایک ہزار 6 سو لائکس آچکے ہیں اور اُن کے مداح اُن کے اِس ’اونانا‘ چیلنج کو خوب پسند کررہے ہیں۔
اِس سے قبل پاکستان شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار فیضان شیخ نے اپنی اہلیہ اداکارہ ماہم عامر اور اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ ’او نانا‘ چیلنج پورا کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور اُنہوں نے اپنی چیلنج کے آخر میں بھنگڑا کرکے’اونانا‘ کو دیسی تڑکا بھی دیا تھا۔
یاد رہے کہ میوزک ایپ ٹِک ٹاک کا یہ ’او نا نا‘ چیلنج کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی مناسبت سے بنایا گیا ہے اِس چیلنج کو پورا کرنے کے لیے کم از کم دو لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے، اِس چیلنج کو پورا کرنے والے دونوں افراد ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے بغیر اور ایک دوسرے کو ہاتھ لگائے بغیر ڈانس کرتے ہوئے ’او نا نا‘ چیلنج مکمل کرتے ہیں۔