• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تاجروں کو ریلیف پیکیج دے: سندھ تاجر اتحاد

جمیل پراچہ  کی ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو


کراچی میں تاجروں نے یکم رمضان سے شہر میں تمام مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کیا ہے، تاہم کچھ تاجروں نے متبادل کے طور پر صوبائی حکومت سے ریلیف پیکیج دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کہتے ہیں کہ 15 مارچ کو ہم نے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا، سندھ حکومت نے کہا ایس او پیز بنا کر جلد بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے دن گزر جانے کے باوجود سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا، تاجر برادری کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

جمیل پراچہ نے کہا کہ ہم نے کل بھی کہا تھا کہ حکومت کی اجازت کے بغیر کاروبار نہیں کھولیں گے، امتیاز شیخ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات کروں گا اس لئے ہم نے دو دن کا وقت دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت جس طرح کا ایس او پی بنائے گی ہم اس پر عمل کریں گے، اگر حکومت کہے گی کہ روٹیشن پر کاروبار کریں تو اس پر بھی عمل کریں گے۔

سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا ’جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہنا ہے کہ سب معاملات ٹھیک تھے لیکن اچانک ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ایس او پیز پر کمیٹی میں بحث کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: تاجروں اور ایف بی آر میں معاہدہ طے پا گیا

سعید غنی نے یہ بھی کہا ہے کہ دیگر صوبوں میں بھی چھوٹا کاروبار شروع نہیں ہوا، حالانکہ وہاں بھی تاجر احتجاج کر رہے ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کر کے زبردستی کاروبار کھولنے پر گرفتار کیے گئے 6 تاجروں کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

تازہ ترین