• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج نے ایل اوسی پر بھارتی ڈرون مار گرایا ، آئی ایس پی آر

پاک فوج نے ایل اوسی پر بھارتی ڈرون مار گرایا ، آئی ایس پی آر


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاک فوج نےلائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر رکھ چکری سیکٹر میں بھارتی ڈرون مار گرایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی جاسوس ڈرون پاکستان میں 650 میٹر تک اندر آیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت دہشتگردی کو بڑھاوا دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس  سے قبل بھی پاکستان متعدد بار بھارتی فوج کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں کا بھرپور جواب دے چکا ہے اور اس کے کئی جاسوس ڈرون پاکستان کی حدود میں شامل ہونے کی کوشش  پر گراچکا ہے،

پاک فوج  نے10 اپریل کو بھی  لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کا ڈرون مار گرایا تھا۔

 بھارتی ڈرون نے سنگ سیکٹر میں ایل او سی کی خلاف ورزی کی تھی اور 600 میٹر تک پاکستان کی سرزمین کے اندر آیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈرون نے600 میٹر تک پاکستان کی حدود میں فضائی جائزہ لیا تھا ، جس پر پاک فوج کے دستوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے  کواڈ کاپٹر کو مار گرایا تھا۔

یاد رہے اس سے قبل بھی گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ بعدازاں ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔

بعدازاں پلوامہ واقے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ اور فضائی جھڑپ بھی ہوئی تھی جس کے کچھ روز بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھچکری سیکٹر میں گرادیا گیا تھا۔

قبل ازیں 6 مارچ 2018 کو ایل او سی کے مقام چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا تھا۔اکتوبر 2017 میں بھی پاک فوج نے ایل او سی کے قریب رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔

نومبر 2016 میں بھارتی ڈرون کنٹرول لائن پر پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر آگیا تھا، جسے پاک فوج کی آگاہی پوسٹ نے نشانہ بنا کر گرادیا تھا۔ 

تازہ ترین