• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف ادیب و دانشور ڈاکٹر آصف فرخی دل کے دورے سے انتقال کرگئے

ڈاکٹر آصف فرخی دل کے دورے سے انتقال کرگئے 


کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف ادیب و دانشور ڈاکٹر آصف فرخی 61سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ 2 جون منگل کو آج جامعہ کراچی کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی موت خاموش دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، وہ ذیابیطس کے مریض تھے۔ تین روز قبل زہر خورانی سے ان کی طبیعت بگڑی اور کمزوری ہوگئی تھی۔ ڈاکٹر آصف فرخی 16 ستمبر 1959 کو ممتاز ادیب، شاعر، نقاد اسلم فرخی کے گھر پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق فرخ آباد سے تھا اور ان کے خاندان کے بہت سے افراد ادب اور شاعری سے وابستہ رہے۔ ان کے ننھیال کا تعلق معرف ادیب ڈپٹی نذیر احمد کے خاندان سے تھا۔ ڈاکٹر آصف فرخی نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک اسکول میں پائی اور پھر ڈاؤ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا۔ انہوں نے معروف امریکی یونیورسٹی ہارورڈ سے اعلی تعلیم حاصل کی۔ 1985 تا1993 آغا خان یونیورسٹی کی فیکلٹی میں کام کیا۔2010 میں پاکستان میں ادبی میلوں کا کلچر متعارف کرایا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے تعاون سے کراچی لٹریچر فیسٹیول کا آغاز کیا۔ اس کی بے مثال کامیابی کو دیکھتے ہوئے ادبی میلوں کا کلچر پورے پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا۔1994 سے 2014 تک ڈاکٹر آصف فرخی نے یونیسف کے ساتھ کام کیا اور 2014 میں حبیب یونیورسٹی سے وابستہ ہو گئے۔انہیں حکومت پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی دیا۔ ڈاکٹر آصف فرخی کے انتقال پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئرکراچی وسیم اختر، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال، امینہ سید،محمد احمد شاہ اور دیگر شخصیات نے ڈاکٹر آصف فرخی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

تازہ ترین