• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول فراہمی معمول پر آ نے کے دعوے غلط ، قلت برقرار

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) 24 گھنٹوں میں پٹرول فراہمی کی صورتحال معمول پر آنے کے دعوے کےبرعکس شہر میں مزید قلت پیدا ہوگئی ۔ جو پٹرول پمپ راشننگ پر پٹرول دے رہے تھے وہ بھی پٹرول ختم ہونے پر بند ہوگئے ۔ دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں 40روپےلٹر تک کمی کے باوجود اس کے فوائد سے تاحال عوام محروم ہیں۔ پٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کرایوں،اشیائے خوردونوش سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے،لیکن لاک ڈائون اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث حکومت کی طرف سے عوام کو فراہم کیا جائے والا ریلیف تاحال اپنے اثرات ظاہر نہیں کرسکا ۔ عوام بدستور مہنگائی کی چکی میں پس رہےہیں۔ مٹی کے تیل کی سپلائی نہ ہونے سے عوام اس کے ثمرات سے محروم ہیں۔ موبل آئل کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔شہر میں پی ایس او پمپ بھی بند ہیں۔ قیمتوں میں کمی کے باعث ٹرانسپورٹ کرائے کم ہوئےنہ ہی آٹا،چاول،دال اور دیگر چیزوں کی قیمتوں پرکوئی فرق نظر آرہا ہے۔ٹیکسی ،رکشہ اور دوسری پبلک ٹرانسپورٹ بھاری بھر کم کرایوں پر ہی کام کررہی ہے۔ کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے رابطے پر بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک موجود ہیں۔نرخ کم ہونے کے باعث سپلائی چین متاثرہوئی ہے۔ جلد ایکشن ہوگا،جو کمپنی یا پٹرول پمپ بھی مصنوعی قلت میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
تازہ ترین