• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں تاریخی ڈرامہ’دیرلیش ارطغرل‘ یا ’ارطغرل غازی‘ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر مرغزار کالونی میں بہادر مسلمان سپہ سالار ’ارطغرل‘ کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔

لاہور کی رہائشی مرغزار کالونی کی انتظامیہ نے’ارطغرل غازی‘ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے مجسمے نصب کرنا شروع کردیے ہیں۔

ارطغرل غازی کا لوہے اور فائبر سے سے بنایا گیا دس فٹ اونچا مجسمہ صدر مرغزار کالونی محمد شہزاد چیمہ کی جانب سے نصب کیا گیا، مرغزار کالونی میں نصب کیے گئے مجسمے میں ارطغرل غازی کو تلوار کے ساتھ گھوڑے پر سوار دکھایا گیا ہے۔

کالونی والوں کے خصوصی آرڈر تحصیل کمالیہ سے بنوایا گیا تلوار کے ساتھ گھوڑے پر سوار بہادر ترک سپہ سالار کا مجسمہ لاہور کی مرغزارکالونی کی زینت بن گیا ہے۔

مرغزار کالونی کے سیکرٹری جنرل سہیل انور رانا کا کہنا ہے کہ کالونی والوں کے ارطغرل غازی کی یادگاریں بنانے کے مطالبے پر مجسمے نصب کرانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بہادر سپہ سالار ارطغرل کے ابھی دو مجسمے تیار ہوئے ہیں جو ارطغرل غازی کے گھوڑے پر سوار ہونے کے منظر کی عکاسی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مجسمہ نصب کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرا تیار ہے اسے بھی کسی مرکزی چوک میں نصب کیا جائے گا۔

سہیل انور رانا کا کہنا ہے کہ جس چوک میں ان کا مجسمہ لگایا گیا ہے اس چوک کا نام بھی ارطغرل غازی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معروف تُرک سیریز ‘دیرلیش ارطغرل‘ کو اردو میں ڈب کر کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین