• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے کہا ہے کہ بھارت کے روہیت شرما ان کے رول ماڈل ہیں، وہ پاکستان ٹیم کیلئے وہی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں جو کردار روہیت شرما انڈین ٹیم میں ادا کرتےہیں۔ پاکستان ٹیم کیلئے طویل عرصہ تک کھیلنا خواہش ہے، جب سو شل میڈیا پر ٹیم میں نام آنے کا سنا تو پہلے لگا کہیں فیک نیوز نہ ہو۔

میڈیا سے آن لائن گفتگو میں حیدر علی نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں وہ کھیل کے مختلف گر سیکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں بابر اعظم اور اظہر علی جیسے بیٹسمینوں کا ساتھ ہے جبکہ مصباح الحق اور یونس خان جیسے لیجنڈز کوچنگ کریں گے جو ان کیلئے کچھ سیکھنے کا بہترین موقع ہوگا۔

حیدر علی کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ خواہش تھی کہ یونس خان سے کچھ سیکھ سکیں۔

ایک سوال پر حیدر علی نے کہا کہ بھارت کے روہت شرما ان کے آئیڈیل ہیں اور وہ ان ہی کی طرح جارح مزاج اور کلین ہٹنگ کرنے والے بیٹسمین بننا چاہتے ہیں۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ ٹیم میں نام آنے کی پہلی اطلاع والد کو سوشل میڈیا سے ملی تو لگا کہیں جھوٹی خبر نہ ہو پھر تصدیق کیلئے پی سی بی کا پیج دیکھا جس کے بعد یقین آیا اور اس وقت بے حد خوشی تھی، ساتھی کرکٹرز میں سے سب سے پہلے شاداب خان نے انہیں میسج کرکے مبارکباد دی۔

تازہ ترین