مسلم لیگ ق نے بنی گالہ میں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے آج دیئے جانے والے عشائیے میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کی قیادت نے عشائیے میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر عشائیے میں شریک نہیں ہو رہے۔
ترجمان ق لیگ کے مطابق وفاقی حکومت نے قیادت سے رابطہ کر کے عشائیے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے تاہم پارٹی رہنماؤں کی مصروفیات کی بناء پر عشائیے میں شریک نہیں ہو رہے، بجٹ کی منظوری کے تمام عمل میں حکومت کو ووٹ دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے حکومتی اور اتحادی ارکان کے لیے دینے جانے والے عشائیے کا مقصد بجٹ منظوری کے لیے ارکان کی ایوان میں حاضری یقینی بنانا ہے جبکہ بجٹ منظوری کے لیے حکومتی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔
عشائیے میں وزیرِ اعظم عمران خان ناراض اتحادیوں کے تحفظات اور اختلافات بھی دور کریں گے۔
دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل بھی وزیرِ اعظم کے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔
بی این پی مینگل کے سربراہ اخترمینگل کا کہنا تھا کہ عشائیہ اتحادیوں کو دیا گیا ہے اور اب ہم اتحادی نہیں رہے، جب اتحادی نہیں رہے تو عشائیے میں شرکت کیوں کریں۔