• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ اداکاروں کے بچے، کوئی کامیاب تو کوئی ناکام

بالی ووڈ میں اقرباپروری کی وجہ سے کئی اسٹار کڈز کو فلم انڈسٹری میں آسانی سےجگہ مل جاتی ہے اور وہ اسٹار ڈم کی بلندیوں پربھی پہنچ جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کچھ ایسے بھی اسٹارز ہیں جنہیں ابتدائی مرحلے میں کامیابی تو ضرور ملی لیکن وہ اسے برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک طرف جہاں جدوجہد کرنے والے اپنے دم پر کچھ بننے کی کوشش کرتے ہیں وہیں مشہور ستاروں کے بچے بھی یہاں اپنی قسمت آزماتے ہیں۔ کچھ ایسے فنکاروں کی تاریخ رہی ہے جو اپنے والدین کے اسٹار ڈم کی بدولت بالی ووڈ میں آئے لیکن کچھ خاص نہیں کرسکے۔

اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسٹار کڈز کو عام فنکاروں کی بہ نسبت زیادہ مشکل چیلنجوں کا سامنا کرتا پڑتا ہے کیونکہ ناظرین کو ان سے زیادہ توقع ہوتی ہے، اور وہ اُن کا موازنہ ان کے ماں یا باپ سے کر رہے ہوتے ہیں۔

بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں اسٹار کڈز کی آمد سب سے پہلے اداکار پرتھوی راج کپور کے بیٹے راج کپور سے شروع ہوئی تھی۔ پرتھوی راج کپور چاہتے تو وہ راج کپور کو آسانی سے فلم انڈسٹری میں بریک دے سکتے تھے لیکن انہوں نے جدوجہد کو زیادہ اہمیت دی اور راج کپور کو خود اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا مشورہ دیا۔

آج اپنی محنت کی بدولت راج کپور فلم انڈسٹری کے ’شو مین‘ کہلائےجاتے ہیں۔ اسی طرح ان کےدوسرے دو بیٹے شمی کپور اور ششی کپور بھی اپنی محنت سے فلم انڈسٹری میں قدم جمانے میں کامیاب رہے۔

80 کی دہائی میں سلیم خان کے بیٹے سلمان خان اور فلم ساز طاہر حسین کے بیٹے عامر خان نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھا اور کامیابی کے نئے سنگ میل قائم کیے۔

90 کی دہائی میں فائٹ ماسٹر ویرو دیوگن کے بیٹے اجے دیوگن اور تنوجا کی بیٹی کاجول، رندھیر کپور اور ببیتا کی بیٹی کرشمہ کپور، فلم ساز روی ٹنڈن کی بیٹی روینہ ٹنڈن نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور کامیابی حاصل کی۔

اسی دہائی میں راجکمار کے بیٹے پورو راجکمار، کبیر بیدی کی بیٹی پوجا بیدی، راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ نے بھی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کیا لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔

سال 2000 میں پروڈیوسر و ڈائریکٹر راکیش روشن نے اپنے بیٹے ہریتک روشن کو فلم انڈسٹری میں فلم ’کہو نا پیار ہے‘ سے لانچ کیا، فلم کی کامیابی کے بعد ہرتیک روشن لوگوں کی دل کی دھڑکن بن گئے۔ ابھیشیک بچن نے بھی ہرتیک کی طرح 2000 کی دہائی میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا لیکن کیرئیر کے آغاز میں ہی ابھیشیک کی فلمیں ایک کے بعد ایک فلاپ ہوتی گئیں۔

انہوں نے 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم یووا کے ذریعے فلم انڈسٹری میں جگہ بنائی۔ اس کے بعد ابھیشیک نے فلم بنٹی اور ببلی، دھوم، دھوم 2، دھوم 3، گرو جیسی متعدد کامیاب فلمیں کیں لیکن وہ اپنے والد کی طرح کامیاب نہیں ہوسکے۔

حالیہ برسوں میں جیکی شروف کا بیٹا ٹائیگر شروف، سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا شیٹی، گووندا کی بیٹی نرمدا، انیل کپور کا بیٹا ہرش وردھن کپور، سنی دیول کے بیٹے کرن دیول، سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور ، سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان، چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے سمیت متعدد اسٹار کڈز نے قدم رکھا ہے جو فلم انڈسٹری میں اپنی ایک خاص شناخت بنانے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔ 

تازہ ترین