• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے: شفقت محمود


وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث بند تعلیمی ادارے  15 ستمبر سے کھل جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صحت کے انڈیکیٹرز کو مد نظر رکھا جائے گا، تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے ایس او پیز تیار کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے صحت کے معاملات سے متعلق مشاورت ہوگئی، صحت کے معاملات ٹھیک ہوجاتے ہیں تو پھر 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیں گے۔

وفاقی وزیر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسکولوں سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ مختلف تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر کھولنے کی اجازت دی جائے، تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ٹریننگ ہوگی۔

شفقت محمود نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں بھی تجویز ہے کہ عید سے پہلے یا بعد پی ایچ ڈی طلبہ کو محدود تعداد میں بلالیں، پی ایچ ڈی طلبہ کو کیسے اور کب بلانا ہے اس کا فیصلہ یونیورسٹی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن ایجوکیشن میں ان علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ نہیں طلبہ کو پریشانی کا سامنا ہے، وبا کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے پڑے، امتحانات روکنے پڑے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف تعلیمی اداروں سے تجاویز ہیں کہ ہمیں امتحانات لینے دیں، میڈیکل کے طلبہ اور یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ لینے کی تجویز آئی ہے، ضروری امتحانات اور داخلہ ٹیسٹ سے متعلق پابندیوں میں کچھ نرمی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی تھی جس میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین